اہلیان ایون یوسی ٹو کے عوام کاایس آرایس پی کے بجلی گھرسے بجلی کی ترسیل شروع ہونے تک دھرناجاری رکھنے کا اعلان

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ایون کے مقام پر ایس آرایس پی کے تعمیرکردہ ہائیڈروپاؤر اسٹیشن سے ویلج کونسل ایون ٹو کو بجلی سے محروم رکھنے کے خلاف اہالیان ایون کا احتجاجی دھرنا جمعہ کے روز پانجویں روز میں داخل ہوگئی اور علاقے کے ہزاروں افراد بچوں سمیت ایون پولو گراونڈ میں احتجاجی دھرنا دئیے رکھا جبکہ جمعہ کے روز احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایس آر ایس پی کے بجلی گھر سے بجلی کی ترسیل شروع ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ویلج کونسل ایون ٹو کے ناظم محمد بصیر اور معززین علاقہ حاجی ظہیر الدین، محمد رحمان ، اسداللہ جان اور دوسروں نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیاکہ یورپین یونین کے فنڈ سے ایون گاؤں کے لئے بنائی گئی 700کلوواٹ پیدواری صلاحیت کے بجلی گھر سے گاؤں کے بڑے حصے کو محروم رکھا جارہا ہے جبکہ 350کلوواٹ سے ذیادہ اضافی بجلی دستیاب ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایس آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو شہزادہ مسعود الملک اور ضلعے کے ڈی پی ایم طارق احمد نے ان کو بجلی گھر کی تعمیر سے پہلے ہی بتادیا تھاکہ یہ بجلی گھر ایون اور ملحقہ دیہات کے لئے بن رہی ہے لیکن اب ایس آر ایس پی کے حکام یوٹرن لے کر اپنے وعدے کی ایفانہیں کررہے ہیں۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بجلی سے محروم عوام بجلی کے حصول تک اس مقام سے ایک انچ بھی ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالات خراب ہونے کی صورت میں ساری ذمہ داری ویلج کونسل ون کے عوام، ایس آر ایس پی اور انتظامیہ پر عائد ہوگی اور وہ ایون نالے میں پانی کو تقسیم کرنے پر مجبور ہوں گے جس کے بعد بجلی گھر کو بند کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر چترال سے ایم پی اے مولاناہدایت الرحمن اور جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا جمشید احمد نے بھی خطاب کیا اور مسئلے کے حل پر زور دیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چترال فیاض قریشی نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا اور مسئلے کو پرامن طور پر حل کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔