منتخب بلدیاتی نمائندگان کالاسپور کی سنی ، اسماعیلی حلقوں اور اے کے ڈی این کے اداروں کی طرف سے ملزم کے خلاف تادیبی کاروائی کا مطالبہ

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس ) لاسپور وادی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں پنار ولی ناظم ہرچین ویلج کونسل، جماعتی خان نائب ناظم سورلاسپور، رحمت اعظم نائب ناظم ہر چین اور حاصل مراد خان جنرل کونسلر رمان ویلج کونسل نے چترال پریس کلب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نبوت کا دعویٰ کرنے والے شخص کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان کو قرار واقعی سز ا دے کر انہیں نشانہ عبرت بنایا جائے تاکہ دوسروں کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔ انہوں نے لاسپور کی سنی اور اسماعیلی حلقوں اور اے کے ڈی این کے اداروں کی طرف سے ملزم کے خلاف تادیبی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ شخص دراصل بھارتی یا امریکی ایف بی آئی کا ایجنٹ ہے جسے سی۔ پیک منصوبے کی ناکامی کا ٹاسک دیاگیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ اہالیان لاسپور اپنے نبی آخر الزمان ؐکی شان پر اپنا جان ،مال اور اولاد قربان کرنے کو تیار ہیں اور وقت آنے پر وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاسپور کے عوام نے انہیں بطور خاص اپنے جذبات کی ترجمانی کرنے کے لئے سڑک کی بندش کے باجود چترال بھیج دیا ہے اور وہ میڈیا کے ذریعے تمام چترالی عوام تک اہالیان لاسپور کا یہ پیغام پہنچارہے ہیں۔ درین اثناء یارخون وادی کے سابق یونین ناظم محمد وزیر خان اور بروغل یارخون لوکل سپورٹ آرگنائزیشن کے چیرمین اسرار احمد نے بھی اپنے مشترکہ بیان میں واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعوائے نبوت کے مرتکب شخص کے خلاف سخت ترین کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اہالیان یارخون اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے چترال کی امن کو سبوتاژ کرنے کی ایک مذموم کوشش قرار دے رہے ہیں ۔ اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاں حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی ذات اقدس کی بات ہو، اہالیان یارخون اپنے پیارے نبی ؐکے ساتھ محبت میں کسی بھی طور پر کم نہیں ہوں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔