وزیراعظم پاکستان عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ملاقات

اسلام آباد(چترال ایکسپریس)وزیراعظم پاکستان عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں امن و امان ، طرز حکمرانی ، نئے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پیشرفت ،100 روزہ پلان اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہاکہ ہمارا ایجنڈ اقومی تعمیر و ترقی اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے ۔ سازشیں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت عمران خان کے وژن اور سوچ کے مطابق شفاف حکمرانی اور غریب عوام کی فلاح کیلئے صحیح سمت میں اقدامات کر رہی ہے ۔ خیبرپختونخوا کے اداروں کو صحیح معنوں میں فعال بنانے کیلئے بنیادی نوعیت کے اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ ہمارا 100 روزہ پلان بھی حقیقی معنوں میں بہتر طرز حکمرانی اور غریب کی فلاح کا آئینہ دار ہو گا۔ آج پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ملاقات کی ۔ صوبے کی مجموعی صورتحال ، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال سمیت 100 روزہ پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اورآئندہ بلدیاتی انتخابات میں سابق فاٹا کے سات اضلاع کی خیبرپختونخوا میں شمولیت کے نتیجے میں ہونے والی پیشرفت کے اُمور پر گفتگو ہوئی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہم نے میرٹ اور انصاف سمیت لوگوں کے بنیادی مسائل کا تعین کرنے اور صوبے میں وسائل کے بے دریغ اور بے جا استعمال کو روکنے اور بہتر حکمرانی کیلئے بنیادی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے غریب لوگوں کو ریلیف دینے اور اداروں کو مکمل فعال کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کو ترجیح دی گئی ہے اور پشاور ریپیڈ بس ٹرانزٹ کی تیز تر تکمیل کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ دیگر ایسے اقدامات جس سے عوام کی فلاح مقصود ہو کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔شفاف حکمرانی اور ترقیاتی حکمت عملی میں رکاوٹیں دور کرنا اور میرٹ پر فیصلہ سازی ہماری ترجیح ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تعلیم ، صحت ، ٹوارزم کی ترقی اور صنعتکاری سمیت 100 روزہ پلان میں متعدد ایسے اقدامات شامل ہیں جو آئندہ پانچ سالوں کیلئے رہنما اُصول ہوں گے ۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے مذکورہ اقدامات کو سراہا اور کہاکہ ہمیں غریب اور پسے طبقے کی فلاح کیلئے کام کرنا ہے ۔ہم نے سٹیٹس کو کو توڑ دیا ہے ۔ اسی وجہ سے سٹیٹس کو کی قوتیں پوری طاقت کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے میں روڑے اٹکاتی نظر آتی ہیں۔ہمیں ایسے کمزور اور لاغرسٹیٹس کو کی پرواہ نہیں۔ ہمارا ایجنڈا تعمیر و ترقی اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ سازشیں ہمار ا کچھ بگاڑ سکتی ہیں اور نہ ہم سازشوں کی پرواہ کرتے ہیں۔ ہمارے عوامی ایجنڈے سے یہ بناوٹی سیاسی قوتیں جلد ہی دم توڑ جائیں گی ۔عوام میں پہلے ہی یہ قوتیں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں۔
<><><><><>

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔