وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا ضلع مردان میں جاری سکمیوں کو پہلی فرصت میں مکمل کرنے کی ہدایت

پشاور(چترال ایکسپرپس)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع مردان میں صحت، تعلیم ، مواصلات و تعمیرات ، اری گیشن اور دیگر شعبوں میں تکمیل کے قریب جاری سکیموں کو پہلی فرصت میں مکمل کرنے اور اس سلسلے میں درپیش مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور ایک ماہ کے بعد دوبارہ اجلاس میں خاطر خواہ پیش رفت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت روبہ تکمیل سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور دیگر جاری سکیموں میں ترجیحات کا تعین کرنے کا اُصولی فیصلہ پہلے سے کر چکی ہے۔ متعلقہ حکام باہمی مشاورت سے مسائل کا حل نکالیں تاکہ سکیموں میں تاخیرنہ ہو ۔ جو منصوبے تیار ہیں انہیں عوامی خدمت کیلئے استعمال میں لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع مردان میں ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کے مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان، صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر ، ضلع مردان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ڈی سی مردان اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو ضلع مردان میں ترقیاتی منصوبوں کے مسائل سے آگاہ کیا گیا اور ان مسائل کے حل کیلئے ہدایت جاری کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مردان کاکام مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ باچا خان میڈیکل کالج کا پی سی ون پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو سکیمیں 75 فیصد مکمل ہیں انہیں پہلی فرصت میں مکمل کیا جائے اس کے بعد دیگر جاری سکیموں میں ترجیحات کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے باچا خان میڈیکل کالج کے چھ وارڈز کا باقی ماندہ کام مکمل کرکے متعلقہ محکمے کے حوالے کرنے کی ہدایت کی اور درکار آسامیوں کی ایس این ای ز بھیجنے کا حکم دیا۔ اسی طرح انہوں نے ہدایت کی کہ مردان کے آر ایچ سی اور بی ایچ یو ز میں اگر سٹاف کا مسئلہ ہے توایس این ایز بھیجی جائیں ۔ ہمیں مکمل شدہ منصوبوں کو استعمال میں لانا چاہیے ۔ منصوبوں کے استعمال میں انتظامی وسائل حائل نہیں ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان میں بجلی کا مسئلہ بھی حل کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں آلات کی کمی کے مسئلے کا بھی نوٹس لیا اور اسے حل کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران میل و فی میل کی خالی آسامیوں پر تعیناتی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے تحصیل رستم کے دفاتر کیلئے متعلقہ حکام کی مشاورت سے حقیقت پسندانہ سمری بھیجنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ مردان میگا پارک کا پی سی ون ریوائز ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں این ایل سی کے ساتھ اجلاس بھی ہو چکا ہے۔ فضل آباد گرلز سیکنڈری سکول کی سائٹ تبدیل کرنے کیلئے اجلاس کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر 20 کلومیٹر طویل کینال پٹرو روڈ مردان کو آنے والے ترقیاتی بجٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے خصوصی طور پر تحصیل دار کی تعیناتی کا مسئلہ اور پختونخوا ہاؤس مردان کے سٹاف کو درپیش تنخواہوں کا مسئلہ بھی حل کرنے کی ہدایت کی اور اس مقصد کیلئے پختونخوا ہاؤس کو دوبارہ ایڈمنسٹریشن کے حوالے کرنے کی تجویز پر غور کرنے کا عندیہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے یو ای ٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔