تازہ ترین

تحصیل کونسل مردان نے مالی سال2018-19کے لئے 89کروڑ10لاکھ91ہزار روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا

مردان ( چترال ایکسپریس ) تحصیل کونسل مردان نے مالی سال2018-19کے لئے 89کروڑ10لاکھ91ہزار روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔کونسل کا اجلاس کنونےئر مشتاق سیماب کی صدارت میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم محمد ایوب خان نے کہاکہ کونسل کے اتفاق رائے اور افسروں کے تعاون سے پچھلے سال کے خسارے پر قابو پالیا گیا ہے اور آئندہ مالی سال کے لئے بھی کونسل نے جامع منصوبہ بندی کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ کونسل میں حزب اقتدار اور اختلاف کا تصور نہیں ہے بلکہ سب مل کر علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے کمر بستہ ہیں۔ایوب خان نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کے فلاح و بہبود کے لئے بہت سے منصوبے رکھے گئے ہیں جس کی تکمیل سے مردان کا شمار ترقی یافتہ تحصلیوں میں ہوگا۔انہوں نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں آمدن کا تخمینہ85کروڑ9لاکھ25ہزار روپے لگایا گیا ہے جس میں تحصیل کونسل کے آمدن کے ذرائع سے32کروڑ2لاکھ88ہزار روپے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے 40کروڑ32لاکھ39ہزار روپے ملیں گے۔ بجٹ میں ٹی ایم اے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کیلئے 47کروڑ 28لاکھ 53ہزار جبکہ نان سیلری کے لئے10کروڑ22لاکھ60ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔اسی طرح گزشتہ سال کونسل نے ٹی ایم اے کے اخراجات میں 12کروڑ73لاکھ97ہزار روپے کمی کر دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 31کروڑ59لاکھ78ہزار روپے رکھے گئے ہیں جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے چار کروڑ 93لاکھ33ہزار روپے،سڑکوں اور گلیوں ،نالیوں کی تعمیر و مرمت کے لئے50لاکھ،ٹی ایم اے فنانس بلا ک کے لئے 50لاکھ اور مین آفس کی تجدید کے لئے10لاکھ روپے جبکہ کونسل کے اراکین کے لئے مجموعی طور پر25کروڑ56لاکھ 45ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں جو اراکین میں یکساں تقسیم کئے جائیں گے۔ تحصیل ناظم محمد ایوب خان نے ارکان کی جانب سے بجٹ تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص بجٹ تمام کونسلوں پر یکساں تقسیم کیا جائیگا۔اجلا س میں کونسل کے اراکین ظاہر خان،الیاس طورو، ہارون خان،قاری موسیٰ،شاکر خا ن ،عالمگیر،فرزند علی،وقار خان،محسن خان اور دیگر نے اپنے تجاویز پیش کئے جسے بجٹ میں شامل کر لیا گیا۔ کونسل کے اراکین نے اتفاق رائے متفقہ طور پر بجٹ منظور کر لیا جس کے بعد کنونےئر مشتاق سیماب نے اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دیا۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
دوسروں کے ساتھ اشتراک کریں

متعلقہ خبریں/ مضامین

error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔
إغلاق