بھارتی سکیورٹی پر اعتماد، پاکستانی ٹیم بھارت جانے کے لیے تیار – Chitral Express

Premier Chitrali Woolen Products

بھارتی سکیورٹی پر اعتماد، پاکستانی ٹیم بھارت جانے کے لیے تیار

حکومتِ پاکستان نے کرکٹ کے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان کی وزاتِ داخلہ کی جانب سے جمعے کی شام جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ، کولکتہ کی پولیس کے سربراہ اور خصوصاً بھارتی وزیرِ داخلہ کی جانب سے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو کروائی جانے والی یقین دہانیوں کے بعد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا تھا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد اب ٹیم پہلی دستیاب پرواز سے آج شب یا کل صبح دبئی کے راستے بھارت روانہ ہو جائے گی۔

ٹیم کو بھارت بھیجنے کے معاملے پر وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعے کو ہی سعودی عرب میں موجود وزیرِ اعظم پاکستان اور لاہور میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے بھی رابطے کیے تھے۔

اس کے علاوہ دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے ٹیم کی سکیورٹی کے معاملے پر بھارتی سیکریٹری داخلہ سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ ملاقات مثبت رہی ہے اور وہ اپنی سفارشات حکومتِ پاکستان کو بھجوا رہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سیکریٹری داخلہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیموں کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی ہے اور کہا ہے کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کا میچ ہو۔‘

خیال رہے کہ جمعرات کی شام وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ ’ہر پاکستانی شہری اور حکومت چاہتی ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت جائے لیکن اگر حکومتی سطح پر ضمانت نہ دی گئی تو پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جمعے کو وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی تھی

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ کرکٹ دھمکیوں کے سائے میں کیسے ہو سکتی ہے اور ہم صرف ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ مانگ رہے ہیں۔‘

پاکستان کے وزیرِ داخلہ کے بیان کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بھی دیگر ٹیموں جتنی ہی اہم ہے اور کسی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لینے کے لیے کوئی بھی بہانہ نہیں ڈھونڈنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس معاملے پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔۔۔ کسی کو ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لینے کے لیے کوئی بھی بہانہ نہیں ڈھونڈنا چاہیے اور پاکستان کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ اپنی ناقص پرفارمنس پر دھیان دے نہ کہ سیاست کرنے پر۔‘

خیال رہے کہ سکیورٹی خدشات کی بنا پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کا میچ دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
دوسروں کے ساتھ اشتراک کریں

اترك تعليقاً


دنیا بھر سے

error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔