ایم پی اے سلیم خان کا دورہ دروش مختلف ہائی سکولوں کاافتتاح

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس) ایم پی اے چترال سلیم خان نے منگل کے روز دروش کا تفصیلی دورہ کیا ۔دروش آمدپر اُن کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔سینکڑوں کی تعدادمیں کارکنان اور عمائدین اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر اُنہوں نے دروش میں شاہ نگار اور کلکٹک گرلز ہائی سکولوں کا افتتاح کیا۔۔ایلمنٹری کالج دروش کا دورہ اورزیر تعمیر گرلز ڈگری کالج کابھی معائنہ کیا۔اُنہوں نے ایک پرائیوٹ سکول کے لئے کمپیوٹر لیپ کا بھی اعلان کیا۔افتتاح کے موقع پر سلیم خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید بھٹو کے دور سے لیکر آج تک چترال میں تعلیم کے شعبے میں اہم کردار ادا کیاہے۔اُنہوں نے کہا کہ آئندہ بھی تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کسی سے پیچھے نہیں رہی گی۔اُنہوں نے کہا کہ اصل تبدیلی تعلیم سے آئیگی۔ہماری بچیاں تعلیم کے شعبے میں لڑکوں سے پیچھے نہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ضلع چترال میں سکولوں کا جال بچھایا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی کے دور میں چترال میں دو یوینورسٹی کیمپس بنائی گئی ہے ۔جس سے چترال کے طالب علم مستفید ہورہے ہیں۔اس سے پہلے چترال میں یونیورسٹی کیمپس نہ ہونے کی وجہ سے چترال کے طالب علموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ چترال یو نیورسٹی کے لئے سید آباد کے مقام پر زمین خریدی جاچکی ہے ۔ایچ ای سی حکام کے ساتھ بات ہوگئی ہے اور بہت جلد اس کی تعمیر پر کام شروع ہوگا جوکہ چترالی طالب علموں کے لئے ایک بہت بڑی خوشخبری ہے۔بطور ایم پی اے میں نے چترال کے ہر چھوٹے بڑے ایشو کو ہرفورم پر اٹھایاہے اور اُنہیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لئے کام جاری ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ سردیوں سے پہلے پہلے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام مکمل کئے جائیں۔ سلیم خان نے کہا ہماری اوراے این پی کی کولیشن حکومت میں میرے لائے گئے فنڈ سے چترال میں عبدالولی خان یونیورسٹی ،شرینگل یونیورسٹی کیمپس ،بائی پاس روڈ،دروش واٹر پراجیکٹ اور گولین واٹر پراجیکٹ جیسے اہم کاموں کی تکمیل پی پی پی کاچترال کیلئے ایک عظیم کارنامہ ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ مذکورہ سکولوں کے لئے اسٹاف کی تعیناتی کا نوٹفیکیشن بھی میں خود کروا کر لایا ہوں۔جوکہ میرٹ کی بنیاد پر ہونگی۔تقریب سے عمائدین دروش نے خطاب کرتے ہوئے سلیم خان کے کیے ہوئے کاموں کی تعریف کیں اور اُن کی دروش آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔اور اُن پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔تقریب میں ممبر ضلع کونسل محمود الحسن،قاری جمال عبدالناصر،چیئرمین ولیج کونسل شاہ نگار،اے این پی ضلع دروش کے صدر شہزادہ ضیاء الدین،پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس پریذیڈنٹ جاویداختر،شہزادہ نظام الدین ،پاکستان پیپلز پارٹی کے قاضی فیصل احمد سعید،یوتھ کونسلر پی پی پی کلیم اللہ حیدر اوردیگر عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔