چترال پاک چائنا اقتصادی راہداری کیلئے سب سے محفو ظ ترین راستہ ہے۔سول سوسائٹی چترال

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس) پاک چین اقتصادی راہداری کے بارے میں چترال کی سول سوسائٹی نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم نوعیت کی سڑک کو چترال سے گزارا جائے جس سے پورے صوبے کی احساس محرومی دور ہوجائے گی ۔ چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال چترال میں ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ کی زیر صدارت ایک غیر معمولی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ چترال پاک چائنا اقتصادی راہداری کیلئے سب سے محفو ظ ترین راستہ ہے ۔ جہاں سے گرم پانیوں تک رسائی اور واسطی ایشائی ممالک تک پہنچنا انتہائی آسان ہے ۔ اس لئے اس راہداری کو چترال میں سے گزارنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اکنامک کوریڈور پسماندہ علاقوں کی معاشی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی ۔ اس لئے چترال جیسے دور اُفتادہ اور ترقی سے محروم اضلاع میں سے اس راہداری کی تعمیر کرکے اُن کی ترقی کے دروازے کھولے جائیں ۔ مقررین نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ انہوں نے مختصر عرصے میں تین مرتبہ چترال کا دورہ کیا ۔ اور لواری ٹنل جیسے اہم پراجیکٹ میں انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ نیز انہوں نے متاثرین کیلئے ڈھائی ارب کے فنڈ مہیا کئے ۔ جو کہ اُن کی چترالی عوام کے ساتھ محبت اور ہمدردی کا بین ثبوت ہے ۔ اس لئے چترالی عوام وزیر اعظم سے یہ بھی امید رکھتے ہیں ۔ کہ اکنامک کوریڈور روٹ کے حوالے سے بھی وہ چترال کو محروم نہیں کریں گے ۔ کیونکہ یہ خطہ دہشت گردی سے دور امن کا گہوارہ ہے ۔ اور ایسے بین الاقوامی شاہراہ کو پُر امن خطے سے گزارناانتہائی ضروری ہے ۔ ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ پاک چائنا اکنامک کوریڈور چائنا پاکستان ہی کیلئے نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے اہمیت کی حامل ہے ۔ اور یہ روٹ جس علاقے سے بھی گزرے گا ۔ اُن لوگوں کی قسمت بدل جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اکنامک کوریڈور کے اصل سٹیک ہولڈر علاقوں کو بائی پاس کرکے مثبت نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس حوالے سے ضلعی حکومت اور عوام ایک پیج پر ہیں اور اس کیلئے بھر پور جدو جہد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کا مستقبل بہت روشن ہے ۔ اورآیندہ دس سالوں میں اس علاقے کی تقدیر بدل جائے گی ۔ لوگوں کو وقتی مشکلات سے دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سنٹرل ایشاء تک پہنچنے کیلئے چترال سے بہتر کوئی روٹ نہیں ۔ اور اسی روٹ سے بجلی ، گیس پاکستان پہنچائے جائیں گے ۔ اور تجارتی سامان کی نقل وحمل بھی اسی راستے سے ہو گی ۔ ضلع ناظم نے کہا ۔ کہ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور چائنیز سفیر کو چترال آنے کی دعوت دی جائے گی ۔ اور ہم ہر پُر امن اور باہمی گفت و شنید کا راستہ ضرور استعما ل کریں گے ۔ کانفرنس سے چترال چیمبر اآف کامرس کے سینئر نائب صدر سرتاج احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترال کے مفاد کی خاطر چیمبر ہر فورم پر آواز اُٹھانے سے دریغ نہیں کرے گا ۔ اور اقتصادی راہداری چترال کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم کسی سیاسی پارٹی یا حکومت کے مخالف نہیں ۔ لیکن پسماندہ علاقوں کو دانستہ طور پر محروم رکھنے کی کوشش کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ جس کیلئے شرافت اور اخلاقی اقدار کے دائرے میں اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ اگر راہداری میں چترال کو نظر انداز کیا گیا ۔ تو اس علاقے کے لوگوں میں احساس محرومی مزید بڑھے گی ۔ اس موقع پر ضلع ناظم چترال نے ایک اعلامیہ جاری کیا ۔ جس میں انہوں نے پورے خطے کے مفاد کی خاطر اقتصادی راہداری روٹ چترال سے گزارنے کا مطالبہ کیا ۔ اور کہا ۔ کہ اس سلسلے میں دروش ، چترال خاص اور بونی میں کانفرنس منعقد کئے جائیں گے ۔ کانفرنس سے سید احمد خان ، قاری جمشید احمد ، نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ ، مولانا عبد الطیف ، حبیب حسین مغل ، صاحب نادر خان ایڈوکیٹ کے علاوہ ایم پی اے فوزیہ بی بی ، ڈاکٹر سید عالم اولسی تحریک اور سنیٹر حاجی غلام علی نے ٹیلیفونک خطاب کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔