چترال60گھنٹے گزرنے کے باوجود نیشنل گرڈ کی منقطع بجلی بحال نہ ہوسکی

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس ) چترال میں 60گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی نیشنل گرڈ کی منقطع ہونے والی بجلی بحال نہ ہو سکی ۔ جس کی وجہ سے چترال شہر میں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ مریض ہسپتالوں میں رُل رہے ہیں۔ توسرکاری دفاتر اور کاروباری ادارے بجلی نہ ہونے کے باعث ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ گذشتہ سالوں کے دوران لواری ٹاپ کے راستے چترال کو آنے والی بجلی بند ہونے کی صورت میں ٹاون کی لوکل بجلی گھر سے تین تین گھنٹے شہر کو بجلی سپلائی کی جاتی تھی ۔ لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں کیا گیا ہے ۔ جس پر ٹاؤن کے لوگوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔ ایک سماجی کارکن حسین محمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ نیشل گرڈ کی بجلی کی بحالی میں تاخیر واپڈا اہلکاروں کی سُستی ہے ۔ حالانکہ سابقہ سالوں کی نسبت لواری ٹاپ پر امسال برف نہ ہونے کے برابر ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ لوکل پاور ہاؤس کی بجلی پر ادارے کی ایما پر چند گاؤں کے لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے ۔ جو کہ ٹاون کو دینے کیلئے تیار نہیں ۔ حالانکہ تمام سرکاری، غیر سرکاری ، کاروباری اور مالیاتی ادارے شہر میں موجود ہیں ۔ لیکن بجلی نہ ہونے کے باعث لوگ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھنے پر مجبور ہیں ۔ خصوصاً چترال کے دورو دراز علاقوں سے مختلف کاموں کے سلسلے میں آنے والے لوگوں کو بجلی نہ ہونے کی بنا پر انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اور ایک دن کے کام کیلئے ہفتوں انہیں بجلی کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ ایک واپڈا اہلکار نے نام نہ ظاہر کرتے ہوئے ٹاون کو بجلی کی فراہمی میں تاخیر کے بارے میں بتایا کی محکمہ کی گاڑی خراب ہے ۔ دروش گرڈ اسٹیشن سے معلوم کرنے پر بتایا گیا کہ لواری میں برف کی وجہ سے لائن درست کرنے والے واپڈا اہلکار مٹی خوڑ سے آگے نہ جاسکے ۔ جس کی بنا پر بجلی کی بحالی ممکن نہ ہو سکی ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر آفس چترال سے بجلی کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے سلسلے میں لائن سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اُن سے رابطہ نہ ہو سکا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔