مرغابیوں کی نسل کُشی کا سلسلہ روکنے کیلئے تالاب سازی او شکار پر پابندی لگائی جائے ۔رحمت جعفر دوست

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس ) مرغابیوں اور دیگر پرندوں کی تصاویر ایک سائن بورڈ پر چسپان کئے چترال ایر پورٹ کے احاطے میں بے رحم شکاریوں سے مرغابیوں کو بچانے کی اپیل کرتے ہوئے ایک ماحولیاتی ایکٹی وسٹ نے دھرنے کا آغاز کیا ہے ۔ اور اُن کا عزم ہے ۔ کہ جب تک شکار کے نام پر مرغابیوں کا قتل عام روکنے کیلئے حکومتی سطح پر ٹھوس اقدامات نہیں اُٹھائے جاتے ۔ تب تک وہ اپنا دھرنا اور احتجاج جاری رکھیں گے ۔ رحمت علی جعفردوست ماحول کے ایسے عاشق ہیں کہ انہوں نے چترال اور ملک کے تمام بڑے شہروں میں کلین اینڈ گرین چترال اور پاکستان کا نعرہ لے کر گذشتہ کئی سالوں سے نوجوانوں اور لوگوں میں ماحولیاتی بیداری پیدا کرنے کی کو ششوں میں مصروف ہے ۔ اور مرغابیوں کیلئے اُن کا احتجاج بھی اُن کی ماحول دوستی اور نیچر سے ان کی والہانہ محبت کا ثبوت ہے ۔میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ شکار کے نام پر دریائے چترال کے ساتھ ساتھ تالاب بنا کر مرغابیوں کو پہلے دھوکا دیا جاتا ہے ۔ اور اُس کے بعد اُن کی نسل کُشی کی جاتی ہے ۔ جو کہ اسلام اور قانون میں جائز نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ مرغابیوں کی نسل ختم ہو نے والی ہے ۔ شکاریوں نے اُن کی نسل کو برباد کرکے رکھ دیا ہے ۔ آج چترال کی خوبصورت وادی ان کے وجود سے محروم ہوتی جارہی ہے ۔ اور جو چند مسافر پرندے اور مرغابی چترال کے راستے سفر کرتے ہیں ۔ اُنہیں منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں قتل کیا جاتا ہے ۔ اور اس قتل عام میں چترال کے سول اور سرکاری آفیسران و دیگر اہلکار سب شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ پرندے انسانی بقا کیلئے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے چترال کے علاوہ پوری دنیا میں ان کے ساتھ کہیں بھی اس قسم کی بے دردی کا سلوک نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ شکار اور نسل کُشی میں زمین اور آسمان کا فرق ہے ۔ اور چترال میں ان پرندوں کی نسل کُشی کی جاتی ہے ۔ جسے روکنا محکمہ وائلڈ لائف اور دیگر ماحولیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے ۔ جعفر دوست نے کہا ۔ چترال کے لوگوں کو ذرا اس بات کی فکر کرنی چاہیے ۔ کہ آخر ہم کب تک اپنے اس سرزمین اور اس کے قدرتی وسائل کے ساتھ دشمنوں کا سلوک کرتے رہیں گے ۔ ہم نہ جنگلوں کے تحفظ پر توجہ دیتے ہیں ، نہ پانی کو آلودگی سے بچانے کی کوشش کرتے ہیں ، اور نہ قدرتی پرندوں کی خوبصورتی اور حسن سے لطف اندوز ہونے کیلئے اُن کی جان بخشی کرتے ہیں ۔ ہمارا کام ملک و علاقے کو تباہ کرنے اور اپنا پیٹ بھرنے کے سوا کچھ نہیں رہا ہے ۔ انہوں نے تمام ملکی اور بیرون ملک ماحولیاتی اداروں ،وائلڈ لائف اور ڈبلیو ڈبلیو ایف سے اپیل کی ۔ کہ چترال میں پرندوں خصوصاً مرغابیوں کی نسل کُشی کا سلسلہ روکنے کیلئے تالاب سازی او شکار پر پابندی لگائی جائے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔