تمام اداروں کو مل کر چترال کے عوام کو مشکلات سے نکالنے کی کو شش کرنی چاہیے ۔جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل آصف غفور

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس) جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے ۔ کہ ملک کی خاطر پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ اور یہ عوام ہی کے بھر پور تعاون اور سپورٹ کا نتیجہ ہے ۔ کہ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہو گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ چترال سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ ، ایم پی اے سلیم خان ،ایم پی اے سید سردار حسین ،کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ اور ڈپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ ،ڈی پی او چترال اور دیگر آفیسران موجود تھے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ تمام اداروں کو مل کر چترال کے عوام کو مشکلات سے نکالنے کی کو شش کرنی چاہیے ۔ چترال کے لوگ امن پسندی اور باہمی محبت و اخوت پر یقین رکھتے ہیں ۔ اس ضلع پر سیلاب اور زلزلے کی وجہ سے کڑا وقت آیا ہے ۔ اور آفات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایسے میں اداروں اور عوامی نمایندوں کے باہمی قریبی رابطہ کاری کی اشد ضرورت ہے ۔ اور میں چاہتا ہوں کہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا جائے ۔ تاکہ بہتر نتائج بر آمد ہو سکیں اور لوگوں کو ریلیف ملے ۔ جی او سی نے ہنگامی بنیادوں پر چترال کے گرم چشمہ روڈ ، بمبوریت ، کوراغ روڈ کے منصوبوں کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا ۔ اور اس حوالے سے ضلع ناظم چترال کی طرف سے اکاؤنٹ فور میں پڑے فنڈ سے سات کروڑ روپے ان منصوبوں کیلئے مختص کرنے کے فیصلے کی تعریف کی ، اور کہا کہ مذکورہ منصوبے ضلع ناظم چترال ہی کے زیر نگرانی مکمل ہو ں گے ۔ جبکہ ایم پی ایز اور ڈپٹی کمشنر چترال اس کو سپورٹ کریں گے ۔ جی او سی نے کہا ۔ کہ چترال میں ہیلتھ کے بڑے مسائل ہیں ۔ اور میری کوشش ہو گی ۔ لوگوں کو صحت کے حوالے سے سہولیات پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ جی او سی نے کہا ۔ ہمیں عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر کام کرنے چاہیں ۔ اگر لوگ بھوکے اور مصیبت میں ہیں ۔ تو ڈھول بجانااور فیسٹول منعقد کرنا ہر گز دانشمندی نہیں ہے ، بلکہ اُن کے بھوک مٹانے کے انتظامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا ۔ کہ زلزلے میں اگر پہلی اسسمنٹ صحیح تھی ۔ تو بعد میں ہزاروں درخواست کیونکر آئے ۔ اور لوگ احتجاج پر کیوں مجبور ہوئے یہ غور طلب امر ہے ۔ اس موقع پر ایم پی اے سلیم خان ، ایم پی اے سید سردار حسین ، ڈپٹی کمشنر چترال اور ضلع ناظم چترال کے مابین اکاؤنٹ فور میں موجود فنڈ کو استعمال کرنے کے قانونی جواز کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ تاہم جی او سی نے کہا ۔ کہ سب کا بنیادی مقصد عوام کومشکلات سے نکالنا ہے ۔ اس لئے جن چار منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اُن کی تعمیر کی جائے ۔ اس پر ضلع ناظم نے جی او سی کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے سات کروڑ روپے کی فراہمی کی یقین دھانی کی۔ قبل ازین جی او سی نے چترال پریس کلب کے صحافیوں سے ملاقات کی ۔ اور چترال کے حوالے سے مثبت صحافت کو سراہا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔