چترال ایک پُر امن علاقہ ہے ۔ لیکن یہ اسلام دشمنوں اور ملک دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے ۔چیئرمین ایف آئی ایف حافظ عبدالروف

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس ) چیرمین فلاح انسانیت فاونڈیشن پاکستان حافظ عبدالروف نے کہا ہے ۔ کہ اسلام نے ہمیں کافروں کو مسلمان بنانے کی ذمہ داری سونپ دی تھی لیکن بدقسمتی سے آج ہم اپنے مسلمان بھائیوں پر فتوے لگا کر اُن کو کافر بنا رہے ہیں ۔ اور ایک دوسرے کا گلہ کاٹ رہے ہیں ،یہ اسلام کے دشمنوں کی سازش ہے ۔ جن کے فریب کا مسلمان شکار ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز مدرسہ ابی ذر غفاری واقع چترال میں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اسلام دشمنوں نے جہاد کو بد نام کرنے کیلئے دہشت گردی کو فروغ دی ۔ اور دہشت گرد اسلام کا نام لے کر مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ داعش امریکہ اور اسرائیل کی تیار کردہ دہشت گرد تنظیم ہے ۔ جو امریکہ ہندوستان اور اسرائیل کے مفادات کا محافظ ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ داعش کے زیر قبضہ تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ چترال ایک پُر امن علاقہ ہے ۔ لیکن یہ اسلام دشمنوں اور ملک دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے ۔ ا ور اس پر امریکہ ،ہندوستان کی نظریں مرکوز ہیں ،ا س لئے چترال کے لوگوں کو اس کے امن سے ہر گز غافل نہیں ہو نا چاہیے ۔ انہوں نے کہا ۔ مسلمانوں نے خود کو مسلکوں میں تقسیم کرکے اسلام کو کمزور کیا ہے ۔ جبکہ ہمارا موقف یہ ہے ۔ کہ جو بھی کلمہ پڑتا ہے ۔ وہ مسلمان اور ہمارا بھائی ہے ۔ ہم فتووں پر امت کو تقسیم کرنے والے نہیں ہیں ۔ ہندوستان نے بلوچستان میں جو کھیل کھیلا ہے۔ اُس کو مشکل سے سنبھالا گیا ہے ۔ اس لئے ہمیں اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا ، کہ اسلام کبھی بھی سامان جنگ اور دولت کا محتاج نہیں رہا ۔ بلکہ ہمیشہ ایمان کو مقد م رکھ کر ہی کامیابیاں حاصل کی گئیں ۔ ہمیں اپنے رب پر ایمان و یقین کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے حافظ عبدالروف نے کہا ۔ کہ چترال کو اللہ پاک نے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے ۔ اس کی قدر وہ لوگ بہتر جان سکتے ہیں ۔ جن کے پاس قدرت کے یہ انمول نعمتیں نہیں ہیں ۔ اور یہاں کی سب سے بڑی نعمتیں یہاں کے لوگوں کی حیا اور امن ہیں ۔ جن کی اگر حفاظت نہیں کی گئی ۔ تو پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ہو گا ۔ اس لئے چترال کے علاقے کے ماحول میں تعصب اور نفرت کی بیج بونے کی کوشش کرنے والوں پر نہ صر ف نظر رکھیں ۔ بلکہ اُن کو اس علاقے میں مذموم مقاصد کیلئے آنے کا موقع ہی نہ دیں ۔ انہوں نے کہا ۔ ہمارے پاس انتہائی محدود وسائل ہیں ۔ تاہم ہماری کوشش ہے ۔ کہ سیلاب اور زلزلے کی وجہ سے متاثر ہونے والے لوگوں کی مدد کی جائے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہمیں چترال کے تمام علاقوں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ۔ اور ہم ان علاقوں کے لوگوں کی مشکلات دور کرنے میں حتی المقدور اپنا حصہ ڈالنے کی کو شش کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر حافظ عبدالروف نے چترال میں آفات سے متاثرہ افراد کو بروقت ہسپتالوں تک پہنچانے اور دیگر مریضوں کو فوری طور پر ہسپتالوں تک رسائی کو ممکن بنانے کیلئے ایمبولینس کی چابی فلاح انسانیت فاونڈیشن چترال کے ذمہ دار کے حوالے کی ۔ جبکہ مستحقین میں رمضان پیکیج اور بچوں میں فوڈ پیکیج بھی تقسیم کئے ۔ بعد آزان انہوں نےموڑدہ کے مقام پر فلاح انسانیت فاونڈیشن کے تعاون سے تعمیر شدہ واٹر پمپ کا افتتاح کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔