Chitral Express

Chitral's #1 Online News Website in Urdu | Politics, Sports, Islam

چترال میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے فنڈ کی فراہمی پر قائد پی ٹی آئی عمران خان اور چیف منسٹر خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا شکریہ

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس ) پاکستان تحریک انصاف چترال کے کو آرڈنیٹر آفتاب ایم طاہر ، محمد قاسم و حیدر نبی ممبران کوآرڈنیشن کمیٹی ،سابق صدر و ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال عبداللطیف ، وغیرہ نے چترال میں یونیورسٹی اور ریسکیو1122 کے قیام کے لئے فنڈ کی فراہمی پر قائد پی ٹی آئی عمران خان اور چیف منسٹر خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا شکریہ اداکیا ہے ۔ اور اس اقدام کو چترال کی ترقی کیلئے ایک سنگ میل قرار دیا ہے ۔ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ، کہ چترال کے نوجوانوں کیلئے اعلی تعلیم تک رسائی ایک خواب تھا ۔ جو کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے حقیقت کر دیکھایا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ موجودہ صوبائی حکومت کے قیام سے ہی چترالی عوام خصوصا نوجوانوں کی طرف سے چترال میں ایک مکمل یونیورسٹی کا بار بار مطالبہ کیا جارہاتھا ۔ جس کے نتیجے میں گذشتہ سال قائد تحریک انصاف عمران خان نے بونی میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ تاہم موجودہ اے ڈی پی میں اس کیلئے فنڈ مختص کرکے قائد پی ٹی آئی اور وزیر اعلی پرویز خٹک نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے ۔ جس کیلئے پوری چترالی قوم اُن کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ گذشتہ کئی حکومتیں چترال میں فُل فلیج یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں عوام چترال کو لولی پاپ دیتے رہے ۔ لیکن یونیورسٹی کی بجائے نوجوانوں کو کیمپس سے ٹرخایا گیا ۔ انہوں نے کہا ، کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک تعلیمی انقلاب برپا کیا ہے ۔ اور چترال یونیورسٹی کا قیام اُس کی ایک زندہ مثال ہے ۔ انہوں نے کہا ، کہ یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے جس نے بھی جو خدمات سرانجام دیں ہم اُن کی خدمات کے معترف ہیں ۔ خصوصاً اس سلسلے میں ایم پی اے چترال فوزیہ بی بی کی کوششیں باعث تحسین و آفرین ہیں ۔ جنہوں نے بار بار اسے وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور قائد تحریک انصاف کے سامنے مثبت طریقے سے پیش کیا ۔ جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کا قیام حقیقی معنوں میں ممکن ہوا ۔ آفتاب احمد نے کہا ، کہ چترال میں صرف سال 2015کے دوران مجموعی طور پر 34885طلباء و طالبات اعلی تعلیم کے حصول کیلئے سرگرم عمل رہے ۔ جبکہ 140کالجز فروغ تعلیم میں مصروف ہیں ۔ اس اعداد و شمار سے یہ واضح ہے ۔ کہ چترال کے لوگ تعلیم میں کتنی دلچسپی لیتے ہیں ۔ اور مکمل یونیورسٹی کا قیام چترالی عوام کی خواہشات کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت کا اہم فیصلہ ہے ۔ جس سے چترال میں علم کی شمعیں کہکشاں کی صورت اختیار کریں گی ۔ ناظم عبداللطیف نے کہا ۔ کہ بعض لوگ انگلی کٹا کے شہدوں میں نام لکھنے اورتیار چیز وں پر اپنا سیاسی لیبل لگانے کے عادی ہیں ۔ لیکن چترال کے عوام ایسے رہنماوں کو بہتر طور پر جانتے ہیں ۔ جو دوسروں کے کریڈٹ پر ہمیشہ ڈاکہ ڈالتے ہیں ۔ ہمیں یونیورسٹی کی ضرورت تھی ۔ جسے ہمیں قائد تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلی پرویز خٹک نے دے دیا ہے ۔ ہم اُن کے مشکور ہیں ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

Copyright © All rights reserved. | Newsphere by AF themes.
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔