چترال میں 70ویں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منائی گئی؛ بڑی اور پروقار تقریب مراد اسٹیڈئم دروش میں منعقد ہوئی

دروش(نمائندہ چترال ایکسپریس)اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 70ویں جشن آزادی کی تقریبات نہایت جوش و خروش اور ملی جذبے کے تحت منانے کا سلسلہ جاری ہے اور ضلع چترال کے ہر چھوٹے بڑے گاؤں اور قصبے سے تقریبات کی خبریں موصول ہورہی ہیں جس میں معاشرے کے ہر طبقہ فکر کے لوگ حصہ لے رہے ہیں۔ جشن آزادی کے سلسلے میں سب سے بڑی عوامی تقریب مراد اسٹیڈئم دروش میں منعقد ہوئی جسکا اہتمام معروف تعلیمی ادارے ’’ دروش پبلک سکول اینڈ کالج‘‘ نے کیا تھاجس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ جشن آزادی کے اس بڑے اور پروقار تقریب کے مہمان خصوصی ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ تھے جبکہ تقریب کی صدارت سابق چیئرمین ضلع کونسل الحاج خورشید علی خان نے کی۔ تقریب میں سکول وکالج کے موجودہ طلبہ کے علاوہ ادارے کے سابقہ طلبہ ،سول و فوجی افسران سمیت کثیر عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں دروش پبلک سکول کے طلبا نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور سلامی دی جسے حاضرین نہایت سراہا۔ دروش پبلک سکول کے طلبا کے مارچ پاسٹ اور بینڈ مارچ کسی بھی پیشہ وارانہ ادارے سے ہر گز کم نہیں تھی۔ ہندوکش پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن کے پائلٹوں نے سبز ہلالی پرچم کو لیکر پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کرکے شائقین سے داد وصول کی۔ تقریب میں سکول کے طلباء نے نعت رسول مقبولؐ، ملی ترانے،تقاریر اور خاکے پیش کرکے حاضرین سے زبردست پذیرائی حاصل کی۔ جشن آزادی کے اس پروقار اور پرہجوم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ نے دروش پبلک سکول کی کارکردگی کو مثالی قراردیتے ہوئے اسے شاندار الفاظ میں سراہا اور اسے تعلیمی اداروں کے لئے ایک ماڈل قرار دیا۔ انہوں نے چترال کی تعلیمی ترقی میں ادارہ ہذا کے بانی مرحوم عزیز الرحمن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکا لگایا ہوا پودا ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ مہمان خصوصی نے یقین دلایا کہ دروش پبلک سکول اینڈ کالج کو درکار وسائل فراہم کئے جائینگے۔ انہوں نے اپنی طرف سے ادارے کے لئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور ساتھ سکول کے طلبا کی مارچ پاسٹ میں سکول کے طلباء کی بہترین تربیت کرنے پر پاک آرمی کے انسٹرکٹر کیلئے دس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ صدر محفل الحاج خورشید علی خان نے آج کے شاندار تقریب کے انعقاد پر سکول انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ دروش پبلک سکول کے زیر اہتمام جشن آزادی کے تقریبات کے سلسلے میں شام کے وقت مراد اسٹیڈئم دروش میں سپر ینگ سٹار کلب اور دروش الیون کے مابین ٹبال کا ایک دوستانہ میچ کھیلا جائیگا۔
واضح رہے کہ دروش پبلک سکول اینڈ کالج کا قیام 14اگست 1983کو عمل میں آیا تھا اور ابتک اس ادارے سے 23بیج میٹرک کا امتحان دیکر فارغ ہوچکے ہیں ۔ اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر دروش پبلک سکول اینڈ کالج کو نہ صرف ضلع چترال بلکہ صوبہ بھر میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔ دروش پبلک سکول اینڈ کالج ہر سال 14اگست کی تقریبات نہایت اہتمام اور جوش و جذبے کے ساتھ مناتی رہی ہے مگر بد قسمتی سے امسال سکول کے بانی جناب عزیز الرحمن چغتائی (مرحوم) ان تقریبات میں موجود نہیں تھے اور اس کمی کو نہایت شدت کے ساتھ محسوس کیا گیا۔ تاہم ایک بات مسلمہ ہے کہ ہزاروں شرکاء بیک آواز اس حقیقت کا بر ملا اعتراف کرتے ہیں کہ دروش پبلک سکول کے بانی جناب عزیز الرحمن صاحب کی خوشبو تقریب میں بھرپور انداز میں مہکتی رہی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔