پی آئی اے کے چیئرمین نے استعفیٰ دے دیا

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے ایک اے ٹی آر طیارے کے حادثے میں سینتالیس افراد کی ہلاکت کے چند دن بعد پی آئی اے کے چیئرمین اعظم سہگل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ بدھ کو پی آئی اے کے ٹی آر ٹی طیارے کو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے جہاز میں سوار تمام مسافر اور عملے کے اراکین ہلاک ہو گئے تھے۔

پی آئی اے انتظامیہ کے ذرائع نے بی بی سی کے نمائندے طاہر عمران سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ چیئرمین اعظم سہگل مستعفی ہو گئے ہیں۔

پیر کی صبح پی آئی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں مقامی میڈیا پر آنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی جا رہی تھی کہ پی آئی اے کے چیئرمین کمپنی سے بھاری تنخواہ لیتے ہیں۔

ترجمان دانیال گیلانی نے ایک وضاحتی بیان جاری کیا تھا کہ ’اعظم سہگل پی آئی اے سے نہ تو کوئی تنخواہ لیتے ہیں اور نہ ہی کوئی مراعات لیتے ہیں۔‘

اس کے علاوہ انھوں نے بیان میں یہ کہا کہ چییرمین کا عہدہ نئے انتظامی ڈھانچے کے مطابق پی آئی اے کے بورڈ کے سربراہ کا عہدہ ہے اور اس کا کمپنی کے روزمرہ انتظامی امور سے براہ راست تعلق نہیں ہے، کیونکہ ادارے کے نئے انتظامی ڈھانچے کے مطابق کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کمپنی سے متعلقہ تمام انتظامات دیکھتے ہیں۔

پیر کی صبح ہی پاکستان میں ہوابازی کے نگران ادارے سول ایوی ایشن اتهارٹی کی جانب سے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کے احکامات کے بعد پی آئی اے کے طیاروں کے ٹیسٹ شروع کیے جانے کی تصدیق کی گئی تھی۔

پی آئی اے کے مطابق یہ ٹیسٹ مکمل ہونے تک تمام اے ٹی آر طیاروں کی تمام پروازیں جزوی طور پر معطل رہیں گی اور تمام اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ رہیں گے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔