لواری ٹنل کی تعمیراتی کمپنی سامبو کے آٹو ورکشاپ پر برف کا تودہ گرنے سے 7افراد جان بحق اور7 زخمی ہو گئے

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس ) لواری ٹنل ایریا میں ٹنل کی تعمیراتی کورین کمپنی سامبو کے آٹو ورکشاپ پر برف کا تودہ گرنے سے 7افراد جان بحق اور7 زخمی ہو گئے ۔ ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم چترال کے مطابق اتوار کی صبح لواری ٹنل کی تعمیراتی کمپنی کے آٹو ورکشاپ پر اُس وقت برف کا تودہ گرا ۔ جب ورکشاپ کے اندر کئی افراد کام کر رہے تھے ۔ ابتدائی طور پر دبے ہوئے افراد کی صحیح تعداد کے بارے میں معلومات نہ ہو سکیں ۔ تاہم گیارہ سے پندرہ افراد کی تعداد کا شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا ۔ تودہ گرتے ہی ہنگامی بنیا دوں پر موقع پر موجود مشینریز کے ذریعے امدادی کاروائیاں شروع کی گئیں ۔ اور 7فراد کو زخمی حالت میں زندہ نکال لیا گیا ۔ جبکہ چھ افراد کی لاشین نکال لی گئیں ۔ جان بحق ہونے والوں میں رحمت زادہ ، جلال اور رحمت غازی المعروف الیاس کا تعلق دروش سے ہے ۔ جبکہ حاجی افتخا ر ، کامران آصف اور ندیم کا تعلق پنجاب سے ہے ۔ زخمیوں میں الطاف حسین ، زمرد حسین اور قیصر حسین پنجاب ، شکیل جنجریت دروش ،گل عالم کیسو ، بہادر شاہ دروش اور مجیب ساکن ارسون شامل ہیں ۔ زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ جنہیں فوری طور پر پشاور روانہ کر دیا گیا ہے ۔ جائے حادثہ پر اوپر سے مزید تودوں کے گرنے کے خطرے کے باوجود امدادی کاروائیاں جاری رہیں ۔ جبکہ وقفے وقفے سے برفباری بھی ہوتی رہی ۔ جان بحق افراد تمام ٹیکنکل لوگ تھے ۔ جو ٹنل کی تعمیر میں کام آنے والی مشینریز کی مرمت کا کا م کرتے تھے ۔ اور ٹنل کی تعمیر میں اُن کا بڑا حصہ تھا ۔ لیکن اتوار کی صبح گرنے والے تودے نے کار آمد لوگوں میں سے سات کی جان لے لی ، اور کئی کو معذور کردیا ۔ ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے میڈیا خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اسے چترال کیلئے ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیا ہے ۔ اور کہا ۔ کہ چترال کے سنگین موسمی حالات کے حوالے سے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم کی طرف سے پہلے ہی خبر دار کیا تھا ۔ اس لئے تعمیراتی کمپنی کو بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرنی چاہیے تھی ۔ اور ہمیں تمام جان بحق اور زخمی افراد کے ساتھ دلی ہمدردی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چونکہ یہ افراد ایک آفت کی زد میں آکر جان بحق ہوئے ہیں ۔ اس لئے اُن کو کمپنی کی طرف سے دیے جانے والے معاوضے کے علاوہ این ڈی اایم اے اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے بھی معاوضہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ریچ میں بھی تودے کی زد میں ایک شخص جان بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں ۔ اسی طرح چترال بھر میں لینڈ سلائڈنگ اور تودوں کے گرنے کے خدشات ہیں ۔ اس لئے آمدورفت میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔