وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کاپاکستان سے مثالی تعاون پر چینی حکومت اور عوام کا تہہ دل کے ساتھ شکریہ ادا

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اعتراف کیا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین نے اپنے عوام کی شبانہ روز محنت کی بدولت بڑے کم وقت میں کرشماتی ترقی کی ہے اور یہی جذبہ اپنا کرہمارے عوام بھی ترقی کے بین الاقوامی دھارے میں شامل ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے ہر مشکل وقت میں دیرینہ دوستی نبھانے اور تعمیر و ترقی کے ہر عمل میں پاکستان سے مثالی تعاون پر چینی حکومت اور عوام کا تہہ دل کے ساتھ شکریہ ادا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ سی پیک کے تناظر میں چینی ترقی اور تجربات سے خیبر پختونخوا کے عوام کو بھی مستفید کرکے خوشحالی کی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میںImage may contain: 3 people, people sitting and indoor بیجنگ کنسٹرکشن انجینئرنگ گروپ (بیسگ)کے نام سے چین کی ایک بڑی سرکاری سرمایہ کار کمپنی کے سربراہ سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔ کمپنی کے سربراہ وانگ لیانگ نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے بتایا کہ بیجنگ کی شہری حکومت کی زیر ملکیت یہ کمپنی ریل، روڈ، ایئر پورٹ، عمارات ، توانائی، آبنوشی، نکاس اور خدمات سمیت تمام شہری تعمیرات و انتظامات میں بین الاقوامی معیار کا تجربہ رکھتی ہے۔تین کروڑ کی بڑی آبادی والے چینی دارالحکومت میں80 فیصد تعمیرات، ریلوے لائن، ایئر پورٹ، سرکاری و کمرشل کثیر منزلہ عمارات، تنصیبات ، شہری منصوبہ بندی اور دن رات کی چکا چوند اس ادارے کی مرہون منت ہے جبکہ تعمیرات سے پہلے افرادی قوت کی جدید بنیادوں پر تربیت ادارے کا اولین اُصول ہے دوست ملک کا ہمسایہ صوبہ ہونے کے ناطے ادارہ بیجنگ روڈ شو میں عملی شرکت کے علاوہ خیبر پختونخوا میں شاہراہوں و فلک بوس عمارات کی تعمیر، معدنیات کی تلاش ، سیاحت ، ماحولیات ، شہری ترقی اور دیگر مختلف شعبوں میں یہاں وسیع بنیادوں پر سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔ اس موقع پر عامر کیانی ، محسن شیخ اور بعض دیگر مقامی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے علاوہ صوبائی وزیر آبنوشی شاہ فرمان خان، صنعتی ترقی کے صوبائی ادارے ازمک کے ون ونڈو آپریشن انچارج فیصل حیات خان ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے اس مہینے کی 16تاریخ کو شروع ہونے والے تین روزہ بیجنگ روڈشو کے انعقاد کے لئے ازمک اور صوبائی محکموں کی تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ روڈ شو سے پہلے ہی سرمایہ کاروں کا صوبائی حکومت سے رجوع اسکی کامیابی کی دلیل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس روڈ شو میں صوبائی حکومت کی جانب سے 70اہم ترین میگا منصوبے پیش کئے جا رہے ہیں جو ہمارے صوبے اور عوام کی ضروریات اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال سمیت تمام شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں اور پر کشش ترغیبات کے سبب نہ صرف ان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی حوصلہ افزاء ہے بلکہ ان پر عمل درآمد کی صورت میں صوبے کی ہمہ گیر ترقی اور عوامی خوشحالی کا ایک نیا انقلابی دور شروع ہونا بھی یقینی ہے۔انہوں نے ازمک حکام کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سرمایہ کار کمپنی کے ساتھ بیٹھ کر شہری و معدنی ترقی اور توانائی سمیت ان کی دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے معاہدے کو حتمی شکل دیں۔وزیر اعلیٰ نے چینی شہروں بالخصوص بیجنگ کی شاندار تعمیر و ترقی میں فعال کردار پر کمپنی کی تعریف کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ دوستی اور اپنائیت کے جذبے کے ساتھ خیبر پختونخوا کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔پرویز خٹک نے واضح کیاکہ انکی حکومت کسی ایک مخصوص شعبے یا علاقے کی بجائے پورے صو بے اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں صنعتی اور معاشرتی ترقی پر توجہ دے کر یہاں سے پسماندگی ، غربت اور بیروزگاری کے داغ مٹانا چاہتی ہے۔ اس مقصد کیلئے صوبے کے ہر گوشے میں موجود قدرتی وسائل اور مقامی خام مواد کو ترقی دینے کا جامع پلان اور صنعتی و معدنی پالیسیاں وضع کی گئی ہیں اسی بنیاد پر ون ونڈو آپریشن کے تحت مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کیلئے پر کشش مراعات اور ترغیبات کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی سیکورٹی اور سرمائے کی گارنٹی کا معقول بندوبست بھی کیا گیا ہے۔انہوں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ چین کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی سستی ترین افرادی قوت دستیاب ہے اور تعلیم یافتہ مگر بے روزگار نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد مختلف شعبوں میں شبانہ روز کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چاہتی ہے مگر ضرورت انکی مناسب تربیت اور مواقع فراہم کرنے کی ہے صوبائی حکومت بیروزگار نوجوانوں کو تربیت اور روزگار کے بے شمار مواقع مہیا کرنے کے لئے پورے اخلاص سے کوشاں ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ضمن میں نمایاں پیش رفت کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے معاہدے کی صورت میں کمپنی کو صوبائی حکومت کے تربیتی ادارے ٹیوٹا کے مراکز کی خدمات حوالے کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ صوبے کے تمام اضلاع با لخصوص پسماندہ علاقوں کے با صلاحیت نوجوانوں کو تربیت اور روزگار کے بہترین مواقع دے کر صوبے کی ترقی اور قومی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔