چترال کے دونوں سب ڈویژنوں چترال اور مستوج میں خانہ اور مردم شماری کی تمام تیاریاں مکمل

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) چترال کے دونوں سب ڈویژنوں چترال اور مستوج میں خانہ اور مردم شماری کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں جن میں گنتی کے عمل کے دوران استعمال ہونے والے مواد اور عملہ کی تعیناتی کے ساتھ کنٹرول روم کا قیام شامل ہیں۔ جمعہ کے روز اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم اور اسسٹنٹ کمشنر مستوج محمد حیات شاہ نے مقامی میڈیا کو تیاریوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ مردم شماری کے لئے چترال کو دو سنسس اضلاع چترال اور مستوج میں تقسیم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چترال سب ڈویژن میں 14چارج سپرنٹنڈنٹ اور مستوج میں 10، چترال کو 63سرکلز میں تقسیم کرکے 63سپروائزروں کی نگرانی میں اور مستوج کو 38سرکلز میں تقسیم کرکے 38سرکلز سپروائزروں کی نگرانی میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال سب ڈویژن میں گھروں اور افراد کی گنتی کے لئے فیلڈ اسٹاف کے طور پر 370بلاک بنا کر 185انومیریٹرزاور مستوج کو 220بلاکوں میں تقسیم کرکے 110انومیٹروں کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک بلاک میں 250کے لگ بھگ گھرانے شامل ہوتے ہیں اور ایک انومیریٹر کے ذمے دو بلاک ہوتے ہیں۔ سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے پولیس کی 1133نفری تعینات کردئیے گئے ہیں۔ مختلف سرکلز کے سپروائزروں کو مواد 17اپریل سے دے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مردم شماری کے سلسلے میں کسی بھی شکایت کو کنٹرول رو م میں درج کروانے کیلئے چترال میں فون نمبر 413686اور بونی (مستوج) میں فون نمبر 470025پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔