وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا ایسٹر کے موقع پر پیغام

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مسیحی برادری کو انکے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر دلی مبارک باد دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری کے نام اپنے ایک تہنیتی پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے جلیل القدر پیغمبر ہیں اور ہم ایسٹر کے حوالے سے مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو پاکستان میں بحیثیت شہری مساوی حقوق حاصل ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام بھی اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے، انکے مکمل تحفظ اور عبادات، رسومات اور مذہبی تہواروں کو پوری آزادی سے منانے کا حکم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئی ٹھوس اقدامات کئے ہیں جن کے ثمرا ت بھی سامنے آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اقلیتوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی تعمیروترقی میں اپنابھر پور کردار ادا کریں۔موجودہ قومی و عالمی صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہر سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس بات کا عزم کیا ہوا ہے کہ اقلیتوں کے بنیادی حقوق، تحفظ اور عزت کا بھر پور خیال رکھا جائے اور ہمارا پر خلوص طرز عمل اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک پاکستان میں اقلیتوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔