مولانا عطاء الرحمن کا ہنگامی دورہ چترا ل؛اسیران ناموس رسالت کے خلاف دہشت گردی کے دفعات ختم

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سنیئر نائب امیر سنیٹر مولانا عطاء الرحمن نے جمعہ کے روز جمعیت علماء اسلام ضلع چترال کی دعوت پر ہنگامی طور پر چترال کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چترال کے موجودہ صورتحال کے تناظر میں جمعیت علماء اسلام ضلع چترال کی دعوت پر سنیٹر مولانا عطاء الرحمن جمعہ کے روز پی آئی اے کی فلائٹ کے ذریعے چترال پہنچے اور فوری طور پر جمعیت علماء اسلام کے ایک وفد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ساتھ ملاقات کی ۔ جمعیت کے وفد میں مولانا عطاء الرحمن کے ہمراہ ضلعی امیر قاری عبدالرحمن قریشی، سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن، سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد، ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا حسین احمد، قاری جمال عبدالناصر، مولانا فتح الباری، مولانا عبدالسمیع آزاد، مولانا ہدایت الرحمن، ضلعی نائب امیر شیرعزیز، معاون سیکرٹری اطلاعات قاضی محمد نسیم اور ضلعی سالار عبدالمجید شامل تھے۔ مولانا عطاء الرحمن کی سربراہی میں وفد نے چترال میں رونما ہونے والے واقعات اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام سے متعلق امور پر بات چیت کی ۔ اجلاس میں اسیران ناموس رسالتؐ کے خلاف 7-ATA کے دفعہ کو ہٹانے اور قیدیوں کی جتنی جلد ممکن ہو سکے رہائی ، تھانہ چترال مین اسیران کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور اسکے مرتکب افراد کے خلاف کاروائی جیسے بنیادی نکات زیر بحث آئے۔ڈی پی او چترال نے وفد کو یقین دہانی کی کہ بہت جلد7-ATAدفعات ختم کرنے کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور اسیران سے ہونے والی زیادتی کی فوری اور مکمل تحقیقات کرکے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائینگے۔ چونکہ اسیران ناموس رسالتؐ اور ختم نبوتؐ کا معاملہ پورے مسلمانوں کا مسئلہ ہے لہذا اس اہم مذہبی نوعیت کے مسئلے کے سلسلے مین علماء کرام کے کردار کی اہمیت واضح ہے، اس بناء پر جمعیت علماء اسلام چترال نے مناسب سمجھا کہ اس سلسلے میں مولانا عطاء الرحمن سے کردار ادا کرنے کی گذارش کی جائے ، کیونکہ مولانا عطاء الرحمن نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ہسپتال سے لیکر جیل تک زخمیوں اور اسیران ناموس رسالت ؐ کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ شامل تھے۔ اجلاس میں مولانا عطاء الرحمن کی وساطت سے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے مسلمانوں کا بھی شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے زخمیوں اور قیدیوں کے ساتھ بہترین سلوک روا رکھے اور آج مولانا کا دورہ اور اس سلسلے میں کردار اسی محبت اور خلوص کی کڑی ہے۔ اجلاس کے بعد مولانا عطاء الرحمن نے جمعیت علماء اسلام کی طرف سے ظہرانے میں شرکت کی اور جماعتی ساتھیوں کے ساتھ ملاقات کی
۔مولانا عطا ء الرحمن نے تمام اہلیان چترال کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے چترال کے امن کو مزید خرابی سے بچایا ۔ مولانا عطاء الرحمن نے گستاخ رسالتؐ کے مرتکب مجرم کو سخت سزا دینے کے لئے تمام مسلمانوں کو آئین پاکستان کے مطابق اپنا آئینی کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں مولانا عطاء الرحمنسے ڈپٹی کمشنر چترال شہاب حامد یوسفزئی، ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ، امیر جماعت اسلامی مولانا جمشیداور قاضی سلامت اللہ نے بھی ملاقات کی اس موقع پر ضلعی نائب ناظم مولانا عبدالشکور اور تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس بھی موجود تھے۔ ضلع ناظم ، امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمد اور قاضی سلامت اللہ نے اس حساس معاملے میں مثبت کردار ادا کرنے پر مولانا عطاء الرحمن کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا عطاء الرحمن نے یقین ظاہر کی کہ ڈپٹی کمشنر چترال اور ڈی پی او چترال وفد کی طرف سے پیش کردہ تجاویز پر فوری عمل کرکے اہلیان چترال میں لاحق پریشانیوں کا خاتمہ کرینگے تاکہ چترال کا امن نظر بد سے محفوظ رہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔