اقوا م متحدہ اندھی گونگی اور بہری ہے جس نے بھارت کو کشمیر میں مظالم کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق

اسلام آبد(چترال ایکسپریس)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کوحق خود ارادیت دلانے کے لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ اقوا م متحدہ اندھی گونگی اور بہری ہے جس نے بھارت کو کشمیر میں مظالم کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور امریکہ کو بھی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور بھارت کے مظالم نظر نہیں آتے ۔ پاکستان کی ریاست اور پاکستان کے 20 کروڑ عوام کشمیری عوام کی پشت پر ہیں۔کشمیر کی آزادی کا ہیرو سید صلاح الدین اگر دہشت گرد ہے تو جارج واشنگٹن اور مینڈیلا بھی دہشت گرد ہوںگے۔ امریکہ،بھارت اور اسرائیل کا اتحاد ثلاثہ دراصل اتحاد خبیثہ ہے مشرقی تیمور کی طرح رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے ا ورکشمیرکے معاملے پر دوہرا معیار ترک کیا جائے ۔سب سے افسوس ناک اور مذموم رویہ پاکستانی حکمرانوں کا رہاہے جو امریکہ اور بھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھاتے رہے ہیں اور بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑتا رہاہے ۔ موجودہ حکمران مسلسل مودی کی خوشنودی میں لگے رہے ہیں اور مودی کو ساڑھیوں اور آم کے تحائف دے کر اپنی خاندانی تجارت کو فروغ دیتے رہے ۔ کشمیری پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں ۔ جب تک پاکستان میں ایک دیانتدار اور مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی سا لمیت کا مسئلہ سمجھنے والی حکومت نہیں آتی ، یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آب پارہ سے سرینہ چوک تک یکجہتی کشمیر کے لیے اور امریکہ کے خلاف احتجاجی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ احتجاجی مارچ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، نائب امیر میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا ۔ احتجاجی مارچ میں خواتین اور بچوں سمیت عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر ی قوم نے آزادی کی جو تحریک شروع کی ہے ، وہ کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھارت کے پنجہ ¿ استبداد سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیر کا بچہ بچہ اور خواتین اور بچیاں اس تحریک میں شامل ہو گئی ہیں اور کشمیر کے گلی کوچوں میں ہر جگہ بھارت کی قابض فوج کے خلاف احتجاج ہورہاہے انہوں نے کہاکہ ہزاروں نوجوانوں کی شہادتوں نے کشمیریوں کے اندر نیا جذبہ پیدا کیاہے اب اگر پوری دنیا بھی بھارت کے ساتھ کھڑی ہوجائے تو آزادی کی اس تحریک کو روکا نہیں جاسکتا ۔
سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ بھارت کو یقین ہوگیاہے کہ کشمیر اس کے ہاتھ سے نکل چکاہے اسی لیے اس نے امریکہ اور اسرائیل کو مدد کے لیے پکارا ہے مگر بھارت امریکہ اور اسرائیل کی مدد سے بھی کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانے میں ناکام رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ سید صلاح الدین کو دہشتگرد اس لیے قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی قوم کو بھارت سے آزادی دلانے کی جدوجہد کر رہاہے ، اس کا جرم یہ ہے کہ وہ بھارت کو کشمیر سے نکل جانے ، کشمیریوں کا قتل عام بند کرنے اور ہزاروں کشمیری نوجوان جو بھارت کی جیلوں اور ٹارچر سیلوں میں بند ہیں ، انہیں رہا کرنے کی بات کرتاہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان پر مسلط عالمی اسٹیبلشمنٹ کے غلام حکمران بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ غاروں میں بیٹھے ہوئے مسلح دہشتگرد بھی ملک کے لیے خطرہ ہیں مگر ان سے بڑھ کر اقتدار کے ایوانوں میں موجود مودی کے یاروں اور امریکہ کے وفاداروں سے خطرہ ہے ۔ پانامہ سکینڈل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہاکہ پانامہ سکینڈل میں موجودہ اور سابقہ حکمرانوں سمیت جتنے کردار شامل ہیں ، سب کا احتساب ہوگا ابھی تو موجودہ حکمرانوں کا ہی احتساب شروع ہواہے او ر کرپٹ ٹولہ رونے لگاہے تو آگے دیکھئے کیا ہوتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام اور جمہوریت پاکستان کی جان اور پہچان ہے اس پر عوام کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے ۔ اب اس ملک میں جمہوریت کو کوئی ڈی ریل نہیں کر سکتا ۔ حکمران اپنے خلاف ہونے والی سازشوں سے پردہ اٹھانے کو تیار نہیں ۔ جب تک یہ سازشیں عوام کے سامنے نہیں آتیں ، کوئی حکمرانوں کے واویلے پر اعتبار نہیں کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران جے آئی ٹی کے خلاف پروپیگنڈا کر کے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔