صوبائی حکومت نے 4000میگا واٹ پن بجلی کی ،مختلف سکیموں پر کام شروع کر دیا ہے.وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک

اسلام آباد(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے 4000میگا واٹ پن بجلی کی ،مختلف سکیموں پر کام شروع کر دیا ہے جو بہت جلد مکمل ہو کر نیشنل گرڈ سٹیشن میں شامل ہو جائے گا۔ وہ پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پیڈو اور کنسورشیم آف سائنو ہائڈرو اینڈ سیپرز کے درمیان ضلع دیر میں 150میگا واٹ شرمئی ہائڈرو پاور کے حوالے سے معاہدے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹا ہائڈل پاور سٹیشن ماحول دوست ہے کیونکہ اسکے لئے پانی ذخیرہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ یہ سال ہا سال بہنے والے دریائی پانی پر قائم کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ واپڈا کے مقابلے میں سستی ترین بجلی ہو گی۔ اسلئے وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے پن بجلی کی سکیموں میں مدد کرنی چاہئے کیونکہ خیبر پختونخوا میں سستی بجلی پیدا کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے منصوبوں سے صوبے میں خوشحالی آئے گی اور قومی سطح پر بجلی کی کمی پر قابو پایا جا سکے گا۔ معاہدے پر خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے پیڈو کے چیف ایگزیکٹیواکبر ایوب نے جبکہ کنسورشیم کی طرف سے سائنو ہائڈرو اور سیپئرزکے نمائندوں نے دستخط کئے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، صوبائی وزیر توانائی محمد عاطف اور سیکرٹری توانائی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔