وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سول وسرکاری ملازمین،صحافیوں،فنکاروں،خواجہ سراؤں سمیت دیگر خود مختار ادارو ں کو صحت انصاف کارڈ کی اصولی منظوری دے دی

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سو ل و سرکاری ملازمین ، خودمختار اداروں جیسا کہ یونیورسٹیوں ، میڈیکل انسٹیٹیوٹس وغیرہ اور عدلیہ کے لئے صحت انصاف کارڈ کی اصولی منظوری دی ہے تا ہم ان ملازمین کو اس سہولت سے استفادہ کرنے کے لئے پریمیم دینا پڑے گا کیونکہ محکمہ صحت کی سکیم غریبوں کیلئے ہے وزیراعلیٰ نے صحافیوں ،فنکاروں اور خواجہ سراؤ ں کو صحت انصاف کارڈ کی سہولت کی آپشن دینے کی بھی منظوری دی مگر اس شرط پر کہ جو ادارے اور ان کے ملازمین اس سہولت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں انہیں پریمیم ادا کرنا پڑے گا۔یہ فیصلہ وزیراعلیٰ کے زیر قیادت محکمہ صحت کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کو وزیراعلیٰ کی خصوصی دلچسپی اور ہدایت پر صحت انصاف کارڈ کے توسیعی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے صحت انصاف کارڈ کی سکیم کو 17 لاکھ مستحق خاندانوں سے بڑھا کر 24 لاکھ خاندانوں تک لے جانے کا پلان تیار ہوچکا ہے اس توسیعی پلان کے تحت صحت انصاف کارڈ کی پاپولیشن کوریج 51 فیصد سے بڑھ کر 69 فیصد ہوجائے گی۔ سکیم کے پہلے مرحلے میں 17 لاکھ مستحق خاندانوں کو شامل کیا گیا توسیعی پلان کے تحت روا ں مالی سال میں مزید سات لاکھ مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جائے گا اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں سٹیٹ لائف کے ساتھ معاہدے کی تجدید31اگست 2017 کو کی جائے گی ۔31 اکتوبر2017 سے کارڈ کی چھپائی کا عمل شروع ہو جائے گا اور 31 دسمبر سے کارڈ کی تقسیم شروع کی جائے گی۔صحت انصاف کارڈ کے تحت نئے شامل ہونے والے لوگوں کا علاج یکم جنوری 2018 سے شروع ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات نے صحافیوں کے لئے ، ایڈوکیٹ جنرل نے وکلاء کیلئے ، محکمہ ثقافت نے فنکاروں کیلئے اور محکمہ سماجی بہبود نے خواجہ سراؤں کے لئے بھی صحت انصاف کارڈ کی کوریج کے لئے سفارش کی ہے جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری دی اور کہا کہ متعلقہ لوگوں یا متعلقہ محکمے کو اس کے لئے پریمیم دینا پڑے گا کیونکہ محکمہ صحت کی سکیم بنیادی طور پر خالصتاً صوبے کے ان مستحق اور نادار خاندانو ں کیلئے شروع کی گئی ہے جو مناست ذرا ئع آمدن نہ ہونے کی وجہ سے علاج معالجے کی سہولت حاصل نہیں کر پاتے مذکورہ بالا تمام محکموں اور طبقات کو پریمیم کی بنیاد پر صحت انصاف کارڈ سے استفادہ کرنے کی آپشن دی جائے گی سیکرٹری صحت نے بتایا کہ وہ ہر متعلقہ گروپ کو عنقریب مراسلہ جات جاری کرنے والے ہے جو تیاری کے مراحل میں ہے انہوں نے مزید بتایا کہ متعلقہ اداروں اور لوگوں کی اطلاع اور مشاورت کیلئے نیوز پیپرز میں تفصیلی اشتہار بھی دیا جائے گا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔