پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہفتے کے روز خصوصی طیارے کے ذریعے دو روزہ دورے پر چترال پہنچیں گے

چترال (محکم الدین ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری ہفتے کے روز خصوصی طیارے کے ذریعے دو روزہ دورے پر چترال پہنچیں گے ۔ بلاول بھٹو کا چترال کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ جس میں وہ چترال پولوگراؤنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ ایم پی اے چترال سلیم خان اور سید سردار حسین انتظامات کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں ۔ پارٹی کے مقامی قائدین کے مطابق جلسے میں پچاس ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے ۔ جس کیلئے بالائی چترال ، گرم چشمہ ، دروش اور چترال شہر میں جلسے میں شرکت کیلئے آنے والوں کیلئے گاڑیوں کے انتظامات کر لئے گئے ہیں ۔ چترال پولو گراؤنڈ میں جلسے کے انتظامات کو آخری شکل دی جارہی ہے ۔ اور نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ بلاول بھٹو کے استقبال کیلئے سابق وزیر اطلاعات شیری رحمان ،سنیٹر روبینہ خالد ، سید فیصل کریم کُنڈی ،نجم الدین خان ، صدر ملاکنڈ ڈویژن افسر الملک ، صوبائی صدر انجینئر ہمایوں خان، بحرمن تنگی ، سابق ایم پی اے انور خان ، باچا صالح ،فرحت اللہ بابر،نیرحسین بخاری ،رحیم دادخان اوردیگررہنماچترال پہنچ چکے ہیں ۔ بلاول بھٹو کا دورۂ چترال جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے انتخابی عمل کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہے وہاں پی پی پی چترال کے قائدین کا کڑا امتحان ہے ۔ کہ کس حد تک پارٹی کے نئے اور نوجوان قیادت کا استقبال کیا جائے گا ۔ تاہم چترال پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ضلع ہے ۔ جس میں پی پی پی کے دو ایم پی ایز نے گذشتہ الیکشن میں کامیابی حاصل کی ۔ جبکہ ملک کے دیگر اضلاع میں پی پی پی کو بُری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ بلاول بھٹو اپنے دو روزہ دورۂ چترال کے دوران چترال میں پارٹی کارکنان سے خصوصی خطاب کریں گے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔