امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کا جھنگ میں جلسہ عام سے خطاب 

جھنگ(چترال ایکسپریس) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نوازشریف سازش کا شور بھی مچاتے ہیں لیکن بتاتے بھی نہیں کہ ان کے خلاف کون سازش کر رہاہے ۔ نوازشریف کو توبہ کر کے قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔ انہیں نااہلی کے فیصلے کے بعد فیصل مسجد جاکر شکرانے کے نفل پڑھنے چاہیے تھے کہ وہ جیل جانے کے بجائے گھر جارہے ہیں ۔ ہم سپریم کورٹ سے سب کے احتساب کا مطابہ کرتے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ مشرف ، زرداری حکومتوں کا بھی فوری احتساب ہو نا چاہیے ۔ پرویز مشرف کے سارے وزراء مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہیں ۔ صرف مشرف بچا ہے اسے بھی بلا کر حکومت میں شامل کر لیں ۔ 62-63 کو ختم کرنے کے لیے لٹیروں کا ٹولہ متحد ہو رہاہے لیکن کوئی مائی کا لال اس کو ختم نہیں کر سکتا ۔ سرکاری عہدوں پر فائز لوگوں کو دیانتدار ہوناچاہیے ۔ بدعنوان اقتدار کے ایوانوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں بند ہونے چاہئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھنڈ بھروانہ جھنگ میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور پی پی 81 کے امیدوار ساجد علی چدھڑنے بھی خطاب کیا۔، سردار ظفر حسین ، امیر ضلع جھنگ مہر بہادر خان جھکڑ، سابق امیر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ رحمت اللہ بھی موجود تھے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دو فیصد اشرافیہ نے 98 فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھاہے جاگیردار ، وڈیرے ، سرمایہ دار ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں وہ کہتے ہیں کہ نظام کو خطرہ ہے اسے سب مل کر بچائیں گے ۔ میں پوچھتاہوں کہ کمیشن ،کرپشن اور رشوت کے نظام کو بچانے کے لیے تو سب ایک ہو رہے ہیں ، عوام کو بھی اب ان کے خلاف متحد ہو جاناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ آج آزادی کے 70 سال بعد بھی ملک پرانگریز کے وفادار اور آلہ کار مسلط ہیں ۔ سودی نظام اور انگریزوں کے قانون کے خلا ف لاکھوں جانوں کی قربانی دے کر آزادی حاصل کی گئی لیکن آج بھی انگریز کا ہی نظام پاک سرزمین پر رائج ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک و قوم کے 375 ارب ڈالر بیرون ملک کے بینکوں میں پڑے ہیں ، یہ قومی دولت واپس آجائے تو عوام کو تعلیم ، صحت سمیت زندگی کی تمام سہولتیں مفت میسر آ سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کہتے ہیں کہ مجھے سی پیک بنانے کی سزا دی گئی ہے حالانکہ سی پیک کے خلاف تو بھارتی وزیراعظم مودی ہیں اور مودی کے ساتھ آپ کی دوستی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں سٹیٹس کو کے ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لیے آخری دم تک لڑنے کا عہد کرچکاہوں میں جھونپڑیوں میں روشنی اور بچوں کے ہاتھوں میں قلم و کتاب دیکھنا چاہتاہوں نوجوانوں کو روزگار اور بے گھر کو اس کے لیے گھر کی چھت دیکھنا چاہتاہوں ۔سراج الحق نے میٹرک کے امتحان میں فیصل آباد بورڈ میں 1062 نمبر لینے والے محنت کش کے بیٹے غلام مرتضیٰ کو شاباش اور شیلڈ دی ۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں بدامنی اور لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے کسی کی جان و مال اور عزت محفوظ نہیں ۔ حکمرانوں کے بچوں کو میرٹ کا قتل عام کر کے اعلیٰ عہدے دے دیے جاتے ہیں جبکہ غریب کا بچہ مزدور ی کرنے پر ہی مجبور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں دس روپے فی کلو اضافہ ہوچکاہے شوگر مافیا کسانوں اور عوام کااستحصال کر رہاہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔