اورغوچ نوغور گی جیب ایبل پُل پر کام کی بندش کے خلاف اورغوچ کے عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور 

چترال(رپورٹ شہریار بیگ) اورغوچ نوغور گی جیب ایبل پُل پر کام کی بندش کے خلاف اورغوچ کے عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔جمعہ کے روز اورغوچ کے مقام پر عوام اورغوچ نے بڑا احتجاجی جلسہ کرکے حکومت کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہاکہ پل کا تعمیراتی کام شروع نہ ہوا تو اگلے جمعہ کے روز اورغوچ سے تعلق رکھنے والے بوڑھے،خواتین اور بچے سروں پر کفن باندھ کرسڑکوں پر نکلیں گے، روڈ بلاک اوربھوک ہڑتال اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک مذکورہ پُل پر کام شروع نہ ہو جائے۔تحریک کے روح روان گوہر علی اور نور الاکبر نے کہا کہ 2012میں سابق ایم این اے شہزادہ محی الدین کے دور میں ایک کروڑ 75لاکھ روپے کی لاگت سے اس پُل پر کام کا آغاز ہوکر دو سال بعد اسے ادھورا چھوڑ دیا گیا ایک کروڑ روپے پُل پر لگانے کے باوجود TMAچترال اورپُل کے ٹھیکہ دار کی عدم دلچسپی اور ناقص میٹرئل کے استعمال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ پانچ سال تک نوغورگی پل پر کام مکمل نہ ہونا TMAادارے کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ علاقہ اورغوچ کے سکول وکالج کے طلبہ اور کاروباری حضرات کا روزانہ اس پل سے متصل پیدل پُل سے گزرنا ہوتا ہے جہاں ہر وقت انسانی جان کو خطرہ درپیش ہو تا ہے۔اورغوچ کے تقریباً پانچ سو گھرانوں پر مشتمل 80فیصد آمدو رفت اس پیدل پل سے ہوتا ہے ۔اگر خدا نخواستہ کوئی حادثہ پیش آیا تو TMAکا ادارہ اور مذکورہ ٹھیکہ دار ذمہ دار ہو گا۔اُ نہوں نے کہا کہ ٹھیکہ دار نے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے اُنہوں نے دھمکی دی کہ ہم نے اپنا یہی مسئلہ لے کر ہر اُس دروازے پر گئے مگر شنوائی نہیں ہوئی اب عوام مجبوراً سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔