چترال کے آبی ذخائر سے پیدا ہونے والی بجلی سے 30میگا واٹ بجلی بنیادی قیمت پر چترال کو دی جائے۔مشترکہ پریس کانفرنس

چترال ( محکم الدین ) چترال انوسٹر کانفرنس میں شرکت کرنے والے وفاقی اداروں ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان ، سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سمیڈا ) پی سی ایس آئی آر اور صوبائی حکومت کی نمایندگی کرنے والے اداروں معدنیات ، صنعت اور سیاحت سے وابستہ ذمہ داروں نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے ۔ کہ چترال کے آبی ذخائر کو جس میں چترال سمیت پاکستان کی آبادی کے بڑے حصے کی زندگی کا دارومدار ہے کو بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ گلیشئرز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ چترال کے آبی ذخائر سے پیدا ہونے والی بجلی سے 30میگا واٹ بجلی بنیادی قیمت پر چترال کو دی جائے ۔ تاکہ چترال کے جنگلات پر ایندھن کے لئے کٹائی کی وجہ سے پڑنے والے دباؤ کو کم کیا جا سکے ۔ اعلامیے میں کہا گیا ۔ کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر اور لواری ٹنل کے کھلنے سے اس علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے امکانات ہیں ۔ اس لئے چترال کے مردو خواتین یوتھ کو خطے میں کام آنے والی زبانوں ، ہنر اور ٹیکنالوجی کے ٹریننگ فراہم کئے جائیں ۔ چترال میں ٹورزم کے فروغ کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ اور ایکو ٹورزم کی راہ ہموار کرکے سیاحوں کیلئے آمدورفت کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ آسانیاں پیدا کی جائیں ۔ اعلامیے میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ۔کہ چترال میں بڑے پیمانے پر آبی وسائل کی فراوانی سے فائدہ اُٹھانے کیلئے ہائیڈرو جنریشن اور مائننگ کے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے آسان اقساط کے قرضے مہیا کئے جائیں ۔ چترال چیمبر آف کامرس کی اپگریڈیشن اور مائننگ کی دریافت ، ریسرچ کیلئے انٹر پرائز ڈویلپمنٹ فنڈ فراہم کئے جائیں ۔ اور چترال میں منرل پارک ، جیمز اینڈ جیولری مارکیٹ بنائی جائے ۔ چترال میں کاروباری اور سیاحتی سطح پر آسانیاں پیدا کرنے کیلئے چترال سے گلگت اور چترال سے قریبی برادر اسلامی ملک تاجکستان کے شہر خروگ کیلئے پروازیں چلائی جائیں ۔ کانفرنس سے، ڈائریکٹر پی سی ایس ٓئی آر لیبارٹری فریداللہ جان ، سنیٹر حاجی غلام علی ، سیکرٹری مائن اینڈ منرل ڈویلپمنٹ صوبہ خیبر پختونخوا ظہیرالسلام اور ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر عبدالاکرم جبکہ چترال چیمبر آف کامرس کی طرف سے سرتاج احمد خان نے خطاب کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔