نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر ارشاد سدھیر کا چترال پہنچنے پر عشریت، نغر اور دروش کے مقامات پر اُن کا پرتپاک استقبال

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) چترال میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر ارشاد سدھیر کا چترال پہنچنے پر عشریت، نغر اور دروش کے مقامات پر عوام نے پرتپاک استقبال کیا جہاں پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منہاس الدین اور اسسٹنٹ کمشنر عبدالاکرم خان نے انہیں خوش آمدید کہا ان مقامات پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ خدمت کا جذبہ اور ولولہ لے کر چترال آئے ہے اور اپنا دروازہ چوبیس گھنٹے عوام کے لئے کھلا رکھیں گے اُنہوں نے کہا کہ وہ ان افسران میں سے ہرگز نہیں جن کے دروازوں پر سائلیں کو بتایا جاتا ہے کہ صاحب آرام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کا تعاون انہیں ہر قدم اور ہر مرحلے پر درکا ر ہوگا کیونکہ ڈی۔ سی کے پاس آلہ دین کا چراغ نہیں ہوتا کہ ہر مسئلہ ایک آن میں حل ہوجائے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر مسئلے کا حل عوام کو ساتھ لے کر ڈھونڈنے میں ہی کامیابی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ عوامی مسائل معلوم کرنے کے لئے نہ صرف کھلی کچہریاں لگائیں گے بلکہ مسائل کے حل کے سلسلے میں متعلقہ افسران سے کام لینے کو بھی یقینی بنائیں گے اور زبانی جمع خرچ پر وہ یقین نہیں رکھتے اور عملی کام لیتے رہیں گے۔ ڈی سی ارشاد سدھیر نے کہاکہ ان کا بائی روڈ چترال آنے کا مقصد ہی یہ تھا کہ وہ لواری ٹاپ سے لے کر چترال شہر تک حالات کا خود جائزہ لے سکے۔ دروش ٹاؤن کے عمائدین حیدر عباس، حاجی سلطان، قاری جمال عبدالناصر، رضیت باللہ، سہراب خان اور دوسروں نے ان کے سامنے علاقے کے مسائل بیان کئے اور اس اُمید کا اظہار کیاکہ وہ سابق ڈی۔سی اُسامہ وڑائچ شہید کے نقش قدم پر چل کر عوام کا دل جیت لیں گے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔