لیاقت بلوچ کی منصورہ میں علماءو مشائخ رابطہ کونسل کے وفد سے گفتگو

لاہور(چترال ایکسپریس)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ تحریک پاکستان ، تحریک نظام مصطفےٰ اور تحریک ختم نبوت میں علماءو مشائخ نے تاریخی کردار ادا کیاہے ۔ آج ایک بار پھر قادیانی لابی حکومت میں چھپے ہوئے اپنے آلہ کاروں کی مدد سے ختم نبوت کے قانون میں نقب لگانے کی سازش کر رہی ہے ۔ ان گھناﺅنی سازشوں کے قلع قمع کے لیے ایک بار پھر علما و مشائخ کو آگے بڑھ کر اپنا فرض ادا کرنا اور قوم کی رہنمائی کرنا ہوگی ۔ جب تک ملک میں قرآن و سنت کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی ، قوم مسائل کی دلدل سے باہر نہیں نکل سکتی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے علماءو مشائخ رابطہ کونسل کے مرکزی چیئرمین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کی قیادت میں منصورہ میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، مولانا جاوید قصوری ، نذیر احمد جنجوعہ ، سید لطیف الرحمن شاہ اور برہان الدین عثمانی بھی موجود تھے ۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ قوم پر مسلط کرپٹ حکمران قومی خزانہ لوٹنے کے بعد اب عاشقان مصطفیٰ کے ایمان پر ڈاکہ ڈالنے اور قادیانیوں کو مسلمانوں کی صفوں میں شامل کرنے کے عالمی استعماری ایجنڈے پر کاربند ہیں ۔ حکومت ابھی تک راجہ ظفر الحق کی قیادت میں بننے والی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ سامنے لے کر آئی نہ اس نے ختم نبوت کی شق میں ترمیم کرنے والوں کو بے نقاب کر کے انہیں سزا دی ۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکمران سمجھتے ہیں کہ قوم اتنے بڑے واقعہ کو بھول جائے گی تو یہ ان کی خام خیالی ہے ۔ جب تک حکومت مجرموں کو قرار واقعی سزا نہیں دیتی اور ان سے لاتعلقی کا اعلان نہیں کرتی ، قوم حکمرانوں کو معاف نہیں کرے گے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر حکومت نے عوام کے مطالبے پر عمل نہ کیا تو ختم نبوت کی تحریک ایک بار پھر اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ سامنے آئے گی اور قادیانی نواز حکمرانوں کو چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی ۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔