چترال میں کلین اینڈ گرین مہم ک آغاز،چترال سے پولی تھین سے بنے ہوئے شاپرز کو مرحلہ وار ختم کردیا جائے گا

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال نے ویلج ناظمین کی معاونت سے کلین اینڈ گرین چترال پراجیکٹ کے تحت ماحول کو پولی تھین بیگز کی الائشوں سے پاک رکھنے کے لئے عملی قدم اٹھائی ہے جس کا باقاعدہ افتتاح قائد تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بدھ کے روز کرتے ہوئے اسے پورے ملک کے لئے قابل تقلید ماڈل قرار دیا تھا ۔ جمعرات کے روز صوبائی وزیر محمود خان ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام، ریجنل پولیس افیسر ملاکنڈ اختر حیات خان گنڈا پور، ڈی۔ سی چترال ارشاد سودھر اور ڈی پی او چترال سید علی اکبر شاہ نے ایک خصوصی تقریب میں اس پراجیکٹ کی سرگرمیوں کا عملی آغاز کرتے ہوئے درجنوں افراد میں مفت شاپرز تقسیم کئے جو کہ آسانی سے تحلیل ہونے والے اور ماحول دوست مواد سے بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر مہمانوں محمود خان ، ظہیرالاسلام اور اخترحیات خان گنڈاپور نے کلین اینڈ گرین چترال کو بہت ہی مفید منصوبہ قرار دیتے ہوئے ڈی۔سی چترال ارشاد سودھر کی تخلیقی کاوشوں کی داد دیتے ہوئے ویلج ناظمین کی طرف سے تعاون کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر ویلج ناظمین فورم کے چیرمین سجاد احمد خان اور دیگر ویلج ناظمین میر صمد خان، نوید احمد بیگ، حیات الرحمن اور عبدالقادر المعروف متار۔منظور احمد ایڈوکیٹ بھی موجود تھے ۔ اس پراجیکٹ کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے بتایاگیاکہ چترال سے پولی تھین سے بنے ہوئے شاپرز کو مرحلہ وار ختم کردیا جائے گا جبکہ کوڑا کرکٹ کو جمع کرنے کے لئے ڈسٹ بین وافر مقدار میں فراہم کئے جائیں گے اور لوگو ں میں اپنے ماحول کو صاف رکھنے اورکوڑا کرکٹ کو مناسب طور پر ٹھکانے لگانے کی عادت ڈال دی جائے گی۔ اس موقع پر ویلج ناظمین کے صدر سجاد احمد نے بتایا کہ اس مہم کے شروع میں تقریبا ایک لاکھ بیگ تیار کرکے لوگوں میں مفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔جس کے بعد مرحلہ وار ہر ایک دکاندار کے پاس مذکورہ بیگ دستیاب ہونگے۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ حیات خان گنڈا پور نے میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان ماحول دوست بیگز کی دستیابی کے بعد پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کی جائیگی ۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کاروائی کریں گے ۔ٹی ایم او قادر ناصر،تحصیل ناظم مولانا الیاس ،تجار یونین کے صدر حبیب حسین مغل اور اس کی کابینہ بھی اس موقع پرموجود تھے۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔