بلپھوک گاؤں کی رہنے والوں نےاپنی مدد آپ کے تحت پیدل پل تعمیر کرکے دوسروں کے لئے مثال قائم کردی۔ضلعی ناظم مغفرت

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ منظم اور متحد سوسائٹی کے لوگ اپنے مسائل کا حل خود ہی تلاش کرتے ہیں اور کسی کے سامنے دست سوال دراز نہیں کرتے اور بلپھوک گاؤں کی رہنے والے بہن بھائیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پیدل پل تعمیر کرکے دوسروں کے لئے مثال قائم کردی جس کے لئے وہ تعریف کے لائق ہیں۔ گرم چشمہ روڈ پر واقع چترال شہر کے نواحی گاؤں بل پھوک کے مقام پرپیدل معلق پل کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے اہالیاں بل پھوک کے جذبے اور ہمت کو داد دیتے ہوئے کہاکہ اپنے دستیاب وسائل سے اپنی اجتماعی ضروریات کو پورا کرنااور آپس میں اتحادواتفاق کامظاہرہ کرنے والے کبھی بھی مسائل کا شکار نہیں رہتے ۔ انہوں نے کہاکسی بیرونی مدد کے بغیر 350فٹ طویل پل کی تعمیر کرنا کوئی آسان کام نہیں جسے جتنا سراہا جائے ، کم ہوگا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے گاؤں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہاکہ ترقی ایک جہد مسلسل کا نام ہے جس کے لئے کمیونٹی کو ہمیشہ کوشان اور تیار رہنا پڑتاہے اور جب تک اندرونی طور پر اس کے لئے جذبہ موجود نہ ہو، تو بیرونی طور پر دی گئی کوئی فنڈ کارگر ثابت نہیں ہوسکتی۔ اس سے قبل چترال ون سے ضلع کونسل کے ممبر ریاض احمد دیوان بیگی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ناظم مغفرت شاہ کی ولولہ انگیز قیادت میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ عوامی مسائل کے حل میں مصروف ہے اوراپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے والی کمیونٹی کی حوصلہ افزائی میں کبھی بخل سے کام نہیں لیا ۔ انہوں نے کہاکہ بلپھوک کے عوام نے دیگر علاقوں کے لئے بھی ایک مثال قائم کرکے ان پر یہ واضح کردیا ہے کہ ترقی کے لئے وسائل سے ذیادہ خود انحصاری کے جذبے کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ ضلع ناظم مغفرت شاہ نے فیتہ کاٹ کر پل کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ گاؤں پہنچنے پر اہالیان بلپھوک نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اورگاؤں زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھا۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔