اسلامی ممالک پاکستان اور افغانستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ فیڈریشن چیرمین حاجی نسیم الرحمان 

پشاور (چترال ایکسپریس ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اسلامی ممالک کونسل کے چےئرمین حاجی نسیم الرحمان نے کہاہے کہ خطے کے بہتر معاشی استحکام اور قدرتی وسائل کو مکمل طور پر لوگوں کی ترقی،خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لانے کے لئے ٹھوس اور ہمہ جہت اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان اور افغانستان کو درپیش مسائل حل اور دونوں ممالک کو غربت سے پاک کیا جاسکے۔وہ افغانستان فیڈریشن آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صلاح الدین سید سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر ممتاز صنعتکار حاجی مسعود الرحمان اور باچا خان بھی موجود تھے۔حاجی نسیم الرحمان نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات قائم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ دونوں جانب سے جاری کشیدگی کا خاتمہ ہو۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے چاہےئے تاکہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ مل سکے۔دہشت گردی نے دونوں ممالک کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک پاکستان اور افغانستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کررہے ہیں جو دونوں ممالک کو درپیش مسائل کے خاتمے میں معاون ثابت ہو نگے۔بارڈر پر دونوں ممالک کے حکومتوں کو مسافروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کو سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کرتاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل بنانا چاہئے۔افغان فیڈریشن کے صدر نے حاجی نسیم الرحمان کو افغانستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔