سی جی سی ڈی سی اے کے زیر اہتمام پولی تھین شاپرز کے متبادل ماحول دوست شاپرز متعارف کرنے کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف ماحول کے بغیر چترال میں سیاحت کو ترقی سے ہمکنار نہیں کرسکتے اور شہر میں آلودگی کا سب سے بڑا ذریعہ پولی تھین بیگز سے چھٹکار حاصل کئے بغیر یہ ممکن نہیں اور ان حالات میں چترال گول نیشنل پارک سے متعلق کمیونٹیز کی طرف قدم اٹھا نا وقت کی اہم ضرورت ہے جس میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ان کے ساتھ شانہ بشانہ شامل ہے تاکہ اس کے فوری اور موثر نتائج برامد ہوسکیں۔ اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں چترال گول کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کنزرویشن ایسوسی ایشن (سی جی سی ڈی سی اے )کے زیر اہتمام پولی تھین شاپرز کے متبادل ماحول دوست شاپرز متعارف کرنے کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چترال گول نیشنل پارک اس ضلعے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے جس سے سیاحت کی ترقی کومہمیز مل سکتی ہے جوکہ چترال ائرپورٹ سے صرف آدھ گھنٹے کے مسافت پر واقع ہے جہاں ایک سیاح بیک وقت 10ہزار فٹ کی بلندی پر برفانی چیتااور مارخور کا نظارہ کرسکتا ہے اور یہ اپنی نوعیت کے لحاظ سے منفرد منظر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کامجوزہ جامع ترقیاتی منصوبہ چترال ڈیویلپمنٹ وژن میں چترال گول نیشنل پارک میں سیاحت کی ترقی کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ضلع ناظم نے نیشنل پارک کے ارد گرد مختلف کمیونٹیز کو منظم کرنے اور نامساعد حالات اور وسائل کے فقدان ناوجود کنزرویشن کے کام کو جاری رکھنے پر ایسوسی ایشن کی فعالیت کو سراہا اور ضلعی حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے قبل ایسوسی ایشن کے صدر عالم زیب ایڈوکیٹ نے کہاکہ پولی تھین بیگز کی ماحول پر تباہ کن اثرات کے پیش نظر ان کے متبادل ماحول دوست شاپرز کی فراہمی کے لئے ایسوسی ایشن نے فیصلہ کرتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنایا جس سے پارک سے متعلق دیہات میں خواتین کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے جن سے یہ شاپر ز خریدے جائیں گے۔ اس موقع پر تجار یونین کے منتخب صدر شبیر احمد نے بھی اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ اس سلسلے میں تاجربرداری میں آگہی پھیلانے کے لئے بھی ٹھوس قدم اٹھائیں گے۔ متبادل شاپرز کی عام اور آسانی سے دستیابی سے متعلق مختلف امور بھی زیر غور لائے گئے۔ چترال گول وائلڈ لائف ڈویژن کے ڈویژنل فارسٹ افیسر ارشاد احمد نے ماحول دوست شاپرز کی پراجیکٹ کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاکہ کمیونٹی کی فعالیت کی وجہ سے یہ بہت جلد ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگی جو کہ دوسرے اضلاع کے لئے ماڈل ثابت ہوگی۔ تقریب کے آعاز میں ممتاز ماہر ماحولیات حامد میر نے چترال گول نیشنل پارک کے بارے میں بنیادی معلومات فراہم کی اور کہاکہ 1999کے بعد کنزرویشن کے کام میں کمیونٹی کو شامل کرنے پر مارخوروں کی تعداد 261سے بڑھ کر اب ڈیڑھ ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے۔ چترال ٹو سے ضلع کونسل کے رکن ریاض احمد دیوان بیگی اور مختلف وی سی سیز کے نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔