سارک ممالک کے درمیان روابط اور تجارت بڑھانے کے لئے سی پیک اہم منصوبہ ہے۔فیڈریشن چےئرمین حاجی نسیم الرحمان 

پشاور(نمائندہ چترال ایکسپریس )فیڈریشن کے اسلامی ممالک کونسل کے چےئرمین حاجی نسیم الرحمان نے کہاہے کہ سی پیک سے پاکستان سمیت سارک کے تمام ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔سارک ممالک کے درمیان روابط اور تجارت بڑھانے کے لئے سی پیک اہم منصوبہ ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے مابین اقتصادی ترقی کے فروغ کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔وہ سر ی لنکا کے دورے کے موقع پر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر رؤان اور دیگر سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر فیڈریشن کے اسلامی ممالک کونسل پنچاب کے چےئرمین شہریار علی ملک،سارک چیمبر کی سیکرٹری جنرل حنا سعید،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔دونوں ممالک کے وفود نے جنوبی ایشیا کے ممالک میں تجارت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر اتفاق کیا۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رؤان نے کہاکہ سارک خطے میں امن اور اقتصادی خوشحالی کے مقاصد کے حصول کے لئے اچھی ہمسائیگی اور ریاستوں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ پر زور دے رہا ہے۔سارک چیمبر جنوبی ایشیاء کے کاروباری اداروں کو سہولیات کی فراہمی اور سارک ممالک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کررہا ہے جو خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہونگے۔انہوں نے کہاکہ جب تک خطے کے تمام ممالک دیگر اقوام کی خودمختاری سالمیت کا احترام اور باہمی مشاورت کے حوالے سے زبردست عزم ظاہر نہیں کریں گے سارک کے حقیقی مقاصد کا حصول ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سری لنکا اورپاکستان نئے شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات ہے اور تجارت کو فروغ دے کر ہی اسے اور مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔