تمام پرائیویٹ سکولز چھٹیوں میں اور ایک سے زیادہ بچوں سے نصف فیس وصول کرینگے…KP-PSRAریگولیشنز 2018کی منظوری

پشاور ( چترال ایکسپریس) خیبر پختونخواپرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2017 کی شق 30 ۔کے تحت KP-PSRA ریگولیشنز 2018کی منظوری دی ہے ان ریگولیشنز کو ویب سائٹ “www.kpese.gov.pk” پر آپ لوڈ بھی کر دیا گیاہے۔ تمام پرائیوٹ سکولوں کی انتظامیہ بشمول مانٹیسوری،کنڈرگارٹن،ٹیوشن اکیڈیمی یا سینٹر،مڈل،ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں یا اس کے مساوی سطح کا کوئی بھی ادارہ یا پرائیویٹ شعبے میں کسی تعلیمی سسٹم یا میڈیم کے ذریعے تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ان ریگولیشنز؍پشاور ہائی کورٹ کے 8 ۔نومبر 2017 کے اعلان کردہ فیصلے پر ان کی حقیقی روح کے مطابق سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ پشاور ہائی کورٹ کے 8 ۔نومبر 2017 کو اعلان کردہ فیصلے کے پیرا۔ 15 ۔ کے مندرجات کا خلاصہ ضروری عملدرآمد کے لئے درج ذیل ہے۔ سالانہ اور ٹیوشن فیس کی مساویانہ پالیسی ، جو KP-PSRA جلدہی تشکیل دے گی، اس وقت تک مذکورہ سالانہ اور ٹیوشن فیس میں کسی بھی اضافے پر مکمل پابندی ہوگی۔ یہ ادارے ، ایک والدین کے دوسرے اور تیسرے بچوں سے نصف ٹیوشن فیس سے زیادہ وصول نہیں کریں گے۔ فیصلے کے مطابق 30 یا زیادہ دنوں کے لئے تعطیلات کے دوران ٹیوشن فیس کی وصولی غیر منطقی ، غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی قرار دی گئی ہے تاہم تنخواہوں ، یوٹیلٹی بلوں اور کرائے وغیرہ کے اخراجات کے پیش نظر مذکورہ انتظامیہ کو سالانہ چارجز کے علاوہ ٹیوشن فیس کی مد میں پچاس فیصد فیس وصول کرنے کی اجازت ہو گی۔ مختلف ذرائع سے یہ بتایا گیا ہے کہ طلباء سے رقم بٹورنے کے لئے بعض اداروں میں بے رحم ڈیلر اور دیگر ملازمین رکھے گئے ہیں جو طلباء سے غیر ضروری رقوم فی طالب علم / فی کس کے حساب سے وصول کرتے ہیں۔ اس لئے اس پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تعطیلات کے دوران طلباء سے ٹرانسپورٹ کے چارجز کی وصولی پر مکمل پابندی ہوگی۔ پشاور ہائی کورٹ نے ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرائیویٹ ادارو ں کے کسی بھی طالب علم جو کسی پرائیویٹ گاڑی پر لٹک رہا ہو کو اتار کر اس کے کلاس ٹیچر ، سکول پرنسپل اور سکول کے مالک کے خلاف کارروائی کریں۔ اسی طرح کسی سکول کے مقام کے پولیس سٹیشن کا انچارج، متعلقہ سکول انتظامیہ /پرنسپل کے خلاف عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی اور سالانہ فیس اور ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں زیادہ رقوم وصولی کے خلاف پرچہ درج کرے گا۔

اس سلسلے میں تمام پرائیویٹ سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ٹرانسپورٹ سے متعلق طلباء کو مناسب ہدایات اور رہنمائی فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے ، ادارے کی حدود کے اندر کینٹینز سے متعلق خیبر پختونخوا سیف فوڈ اور حلال فوڈ اتھارٹی کے ریگولیشنز پر بھی عمل درآمد کریں گے اور مجاز فوڈ انسپکٹر وغیرہ کی جانب سے ادارے میں خوراک کی اشیاء کا ہر ہفتے معائنہ کیا جائے گاجبکہ طلباء کی باہر سے خوراک کی اشیاء پر مکمل پابندی ہو گی۔اس امر کا اعلان مینجنگ ڈائریکٹر KP-PSRA سید ظفر علی شاہ کی جانب سے کیا گیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔