چترال لائرز فورم کا الیکشن کمیشن میں غلط درخواست دائر کرنے پر نیب سے تحقیقات کا مطالبہ 

پشاور(نمائندہ چترال ایکسپریس)چترال لائزر فورم کے اجلاس زیر صدارت محب اللہ تریچوی ایڈووکیٹ ،پشاور ہائی کورٹ ،پشاور میں منعقدہوا فورم کے اجلاس سے فورم کے صدر محب اللہ تریچوی ، نائب صدر مطیع الرحمن ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری محبوب اعظم ،فنانس سیکرٹری محمد افضل ودیگر نے خطاب کیااوراس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ چند نام نہاد سیاسی عناصر چترال لائرز فورم کے منع کرنے کے باوجود اپنی سیاسی نمبر سازی اورلوگوں سے چندہ بٹورنے کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سیٹ کی بحالی کے لئے غلط درخواست داخل کرواکر اپنے خلاف فیصلہ کروایا جو کہ چترال کے مستقبل کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے ۔ چترال لائرز فورم ان ہی نام نہاد سیاسی نمائندوں کے خلاف رٹ پٹیشن پشاورہائی کورٹ میں داخل کرنے کا پہلے ہی اعلان کر دیا تھا ۔خود کو محفوظ کرنے کے لئے انہوں نے ایک کمزور غیرقانونی اوربلا جواز درخواست داخل کردی جسے بعد از الیکشن کمیشن نے خارج کیا اوراس طرح چترال کی سیٹ کی بحالی کی اُمید کو بھی ختم کردیا ، اوردوسرے راستے بھی بند کر دیئے ، چترال لائرز فورم ملک کی بہترین قانون دانوں پر مشتمل ایک قانونی فورم ہے ۔تاہم قانون سے ناواقف لوگوں نے چترال لائرز فورم کو اعتماد میں لئے اوران سے مشاورت کئے بغیر چترال کے حقوق کو نقصان پہنچایا چترال لائرز فورم نیب حکام سے پرزور مطالبہ کرتاہے کہ نیب اس کیس کے حوالے سے چندہ وغیر ہ کی مد میں حاصل شدہ رقم کے بارے میں مکمل انکوائری کرکے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے تاکہ آئندہ کے لئے چترال کے حقوق کے حوالے سے کسی کو مفاد حاصل کرنے اورچترال کے حقوق کو نقصان پہنچانے کی کسی کو جرات نہ ہو ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔