چترال کی بجلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں‌پر حل کئے جائینگے..نگران صوبائی وزیرفضل الہٰی کاسرتاج احمد خان کی قیادت میں چترالی وفد سے ملاقات

پشاور(نمائندہ چترال ایکسپریس) نگران صوبائی وزیر توانائی وبرقیات،پبلک ہیلتھ انجینئرڈیپارٹمنٹ،خیبرپختونخواحاجی فضل الہٰی نے کہاہے کہ عوام کو سستی اوربلاتعطل بجلی کی فراہمی ہماری ترجیحات ہیں کیونکہ توانائی کے بغیرملکی ترقی کا پہیہ نہیں چل سکتا۔ملک کودرپیش موجودہ توانائی بحران نے نہ صرف ہماری انڈسٹریزکو شدید دھچکاپہنچایا ہے بلکہ ہماری معاشی ترقی بھی رک گئی ہے۔خیبر پختونخواکا ضلع چترال آبی وسائل سے مالامال ہے اوریہاں پرپائے جانے والے پن بجلی کے پیداواری وسائل اس علاقے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔چترال میں100کلومیٹرطویل بجلی کی ٹرانسمیشن لائن تعمیر کی جارہی ہے،2015ء کو چترال میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے مکمل طورپر تباہ ہونے والے ریشون بجلی گھر کی دوبارہ تعمیر وبحالی پرجلد کام کا آغاز ہوجائے گا جبکہ صوبائی حکومت کی واپڈاکے ساتھ گولن گول بجلی گھر سے بجلی کی خریداری کے لئے بات چیت جاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال چیمبرآف کامرس کے بانی صدرسرتاج خان کی قیادت میں چترالی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ممبر تحصیل کونسل شمشیرخان اورایون بجلی گھر کے چیف ایگزیکٹومحمد رفیع بھی شامل تھے ۔
اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات انجینئرسید ظفرعلی شاہ اورچیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرسید ذین اللہ شاہ کو چترال کے نمائندہ وفد نے چترال میں بجلی کے مسائل بیان کئے۔ چترالی وفد کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخواحکومت فرنٹیرورکس آرگنائزیشن کے تعاون سے 280میگاواٹ کے دومنصوبوں ششگئی اورشوغورسین پر کام کررہی ہے جبکہ چترال میں 55منی مائیکرو ہائیڈل سٹیشن میں سے44مکمل ہوچکے ہیں جوجلدہی کمیونٹیزکے حوالے کردیئے جائیں گے۔
اسی طرح چترال میں 3فیڈرزپر مشتمل100کلومیٹرلمبی ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ بھی زیر تعمیر ہے۔وفد کو بتایا گیا کہ چترال میں تعمیر ہونے والے منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز کو کمیونٹیز کے حوالے کرنے کے سلسلے میں Mechnism تیارکیا جارہاہے ۔سیکرٹری توانائی نے وفد کو یقین دلایا کہ چترال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر قابوپانے کے لئے واپڈاکے حال ہی میں تعمیر ہونے والے36میگاواٹ گولن گول بجلی گھر سے بجلی کی خریداری کے لئے بات چیت جاری ہے۔چیف ایگزیکٹوپیڈونے چترالی وفد کو آگاہ کیا کہ ریشن بجلی گھر کی بحالی کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں جبکہ جلد ہی عملی کام کے سلسلے میں ٹھیکہ دار کی خدمات حاصل کرلی جائیں گی۔ اجلاس کے آخر میں صوبائی وزیر توانائی فضل الٰہی نے چترال کے وفد کو یقین دلایا کہ موجودہ نگران صوبائی حکومت چترال کودرپیش بجلی کے مسائل پر قابوپانے کے لئے عملی طورپر اقدامات اٹھائے گی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔