ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کیخلاف دروش میں زبردست احتجاجی مظاہرہ

دروش( نمائندہ چترال ایکسپریس) نیدر لینڈ (ہالینڈ ) میں نبی آخرالزمان ﷺ کے شان اقدس میں گستاخی کے خلاف جمعہ کے روز بعد از نماز جمعہ دروش میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ معروف مذہبی شخصیت قاری جمال عبدالناصر کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کیں ۔ تفصیلا ت کے مطابق نیدر لینڈ میں پیغمبر اسلام ؐ کے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے انعقاد کے خلاف مسلمانان عالم کے ساتھ اظہار یک جہتی کے طور دروش میں بھی ایک پر جوش جلسہ منعقد کیاگیا۔ جلسے سے قاری جمال عبدالناصر ، مولانا مشرف خان ، قاضی نذیراللہ ومولانا خان شیرین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ (ﷺ) سے عقیدت اور محبت ایک مسلمان کے لئے ہر شے سے بڑھ کر ہے اور اس میں کوئی رو رعایت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا مغربی ممالک میں اکثر اس طرح کے توہین آمیز اور اشتعال انگیز واقعات منعقد کراکے نہ صرف مسلمانوں کی دل آزاری کی جاتی ہے بلکہ دنیا کے امن و تہہ و بالا کرنے کی دانستہ کوشش کیجاتی ہے لہذا یہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر امن وامان، باہمی تعلقات کیلئے بھی یہ خطرناک ہیں اسلئے اقوام متحدہ کو چاہئے کہ پیغمبر اسلام ؐ اور دیگر انبیاء کرام ؑ کی شان میں گستاخی کے اقدامات کو روکنے کے لئے موثر قانون سازی کرے تاکہ آزادی اظہار رائے کا نام دے برگزیدہ ہستیوں کی توہین کا سلسلہ روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گو کہ فی الوقت نیدر لینڈ میں ملعون شخص نے اس مقابلے کو منسوخ کیا ہے مگر مستقبل میں ایسے حرکتوں کی روک تھام کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی طرف اپنائے گئے موقف اور اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں مضبوط موقف اپنا یا ہے ۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ نیدر لینڈ (ہالینڈ ) سمیت گستاخی میں ملوث دیگر ممالک کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات ختم کئے جائیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔