چترال کی اقلیتی کالاش قبیلے کے عمائدین ، اور مسلم کمیونٹی کے لوگوں کا اقلیتی ایم پی اے وزیر زادہ کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ

چترال ( محکم الدین ) چترال کی اقلیتی کالاش قبیلے کے عمائدین ، اور مسلم کمیونٹی کے لوگوں نے مشترکہ طور پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے پُر زور مطالبہ کیا ہے ۔ کہ چترال کے کالاش کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اقلیتی رکن اسمبلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائے ۔ اپنے مشترکہ اخباری بیانات میں درجنوں افراد نے کہا ۔ کہ چترال صوبہ خیبر پختونخوا کا نہایت پسماندہ ضلع ہے ۔ اور یہ اپنے صوبائی اور وفاقی دار الخلافہ سے بہت دور واقع ہونے کی وجہ سے ارباب اختیار کی نظروں سے بھی اوجھل ہے ۔ جس کی بنا پر بے پناہ مسائل نے علاقے کو گھیر لیا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ضلع چترال کے ان مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے اپر چترال کو علیحدہ ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا ۔ جو کہ چترال کے لوگوں کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ تاہم ان مسائل پر اُسی صورت میں احسن طریقے سے قابو پایا جاسکتا ہے ۔ جب چترال سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے صوبائی اقلیتی اسمبلی ممبر وزیر زادہ کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وزیر زادہ ایک باصلاحیت اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ہے ۔ جسے اقلیتوں اور مسلم کمیونٹی دونوں کے مسائل و مشکلات کے بارے میں بخوبی آگاہی حاصل ہے ۔ اور ان کے حل کے حوالے سے بھی وہ بہتر تجاویز دینے کی بھر پور اہلیت رکھتے ہیں ۔ اس لئے صوبائی کابینہ میں اُن کو شامل کرنا صوبائی حکومت کے بھی مفاد میں ہے ۔ عمائدین نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے اس اُمید کا اظہار کیا ۔ کہ وہ وزیر زادہ کو وزارت دے کر چترال کے مسائل کے حل میں اپنی دلچسپی کا اظہار کریں گے ۔ عمائدین نے کہا ۔ کہ وزیر زادہ کی صلاحیتوں اور اُن کی اہلیت کی بدولت چترال کے مسلم اور اقلیت دونوں کمیونٹیز اُن پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں ۔ اور وہ پاکستان تحریک انصاف چترال کا صحیح ترجمان اسمبلی ممبر ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔