پیپلز پارٹی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالاجاسکتا، نیلوفربابر،موجودہ بحرانوں سے نکلنے کے لئے بھٹو فلسفے پر عمل کی ضرورت ہے، بیگم سلیمان

پشاور(نمائندہ چترال ایکسپریس)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین خیبر پختونخوا کی سینئر نائب صدر نیلوفر بابر نے کہا ہے کہ بھٹو نے پاکستانی عوام کو سیاسی شعور اور اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کا حوصلہ دیا۔ پاکستان میں جمہوریت کی بقاء کے لئے پی پی پی کی قربانیوں کی دنیا کی جمہوری تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ وہ بے نظیر ہاوس پبی نوشہرہ میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں پی پی پی شعبہ خواتین پشاور اور نوشہرہ کی رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نیلوفر بابر نے کہا کہ پورا بھٹو خاندان جمہوریت پر قربان ہوا ہے۔آج پیپلز پارٹی کو جمہوریت کا درس دینے والے اس وقت کہاں تھے جب بھٹو شہید جمہوری اصولوں کے لئے تختہ دار پر کھڑے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کوعوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔ تقریب سے خطاب میں سابق ایم پی اے اور پی پی پی کی مرکزی مجلس عاملہ کی رکن بیگم شہزادہ سلیمان نے کہا کہ پاکستان کو جوہری طاقت بنانا، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانا، چین کے ساتھ دوستی کا رشتہ قائم کرنا اور عوام کو سیاسی شعور دینا بھٹو شہید کی قومی خدمات ہیں ۔بھٹو شہید کی اہلیہ نصرت بھٹو، بیٹوں شاہنواز اور میر مرتضی کے ساتھ شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔انہوں نے عوام کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے بھٹو کے مشن پر کاربند رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔