اپر چترال عمائدین علاقہ اورضلعی انتظامیہ کےمابین مذاکرات ناکام،مقررہ تاریخ پر لانگ مارچ کرنے کا اعلان

بونی(نمائندہ چترال ایکسپریس)اپر چترال کو گولین گول بجلی گھر سے بجلی کی سپلائی کی بندش کے سلسلے میں بونی میں تحریک حقوق عوام،عوامی نمائندوں،تجار یونین اور دوسرے معززین علاقہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر بونی کے دفتر میں میٹنگ ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر مستوج نے ڈی۔سی چترال اور کمشنر مالاکنڈ کی جانب سے وضاحتی خط پڑھ کر سنایا اورلانگ مارچ روکنے کے لئے کہا جس سے میٹنگ میں شریک شرکاء نے اتفاق نہیں کیا۔ شرکاء نے اسسٹنٹ کمشنر مستوج کے بجلی کی مسلسل سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے انکی کوششوں کو سراہا اور موقف اختیار کیا کہ اُنکی بھرپور کوششوں اور کافی وقت دینے کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ لہذا مقررہ تاریخ پرہر صورت میں لانگ مارچ کا انعقاد کیا جائیگا۔
تحریک حقوق عوام کے پرویز لال نے کہا کہ اپر چترال کے عوام کا واحد مطالبہ گولین گول بجلی گھر سے مستقل بنیادوں پر بجلی فراہم کرنا ہے جو اس علاقے کے لوگوں کا حق ہے۔حکومت، متعلقہ اداروں اور عوامی نمائندوں کی جانب سے یہ حق اپر چترال کے عوام سے چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے جسکی اس علاقے کےغیور عوام ہرگز اجازت نہیں دینگے اور اپنے حق کے حصول کے لئے کسی بھی قسم کی مالی اور جانی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس سلسلے میں اپر چترال کے تمام علاقوں میں آج سے کارنر میٹنگز شروع ہو گئے ہیں تاکہ 12 فروری کے دن بچے، بوڑھے اور جوان گھروں سے باہر آئیں اور چرون پل کے قریب جمع ہوکر گولین گول کی طرف مارچ کریں۔
اُنہوں نے کہاکہ اگر مقررہ تاریخ پر بارش ہوئی یا حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مثبت قدم اٹھایا گیا تو مقررہ تاریخ میں تبدیلی کی جاسکتی ہے جس سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔