چترال آتے ہوئے لاپتہ ہونے والے سور لاسپور کے پانچ افراد واپس غذر پہنچ گئے

چترال (محکم الدین) گلگت سے شندور کے راستے چترال آتے ہوئے لاپتہ ہونے والے سور لاسپور کے پانچ افراد واپس غذر پہنچ گئےہیں ۔ جو گذشتہ روز شدید برفباری کے دوران 12500فٹ بلند شندور پاس کے راستے چترال میں اپنے گاؤں سور لاسپور کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق سور لاسپور گاؤں کے پانچ جوان سلطان ولد میتار ,شیر افضل ولد شاہ بمبور , فضل الہی ,واحد ولد بادشاہ ,شیر احمد ولد حاجی رحمت محنت مزدوری کیلئے گلگت گئے تھے ۔ جو دو دن پہلے غذر سے شدید برفباری کے دوران واپس اپنےگھروں کو روانہ ہوئے ۔ لیکن شندورکےمقام لنگر میں شدید برفباری کےباعث اپنا سفر جاری نہ رکھ سکے ۔ اور واپس لوٹ گئے ۔ لیکن دو دنوں تک گھروالوں اور ان کا آپس میں کوئی رابطہ نہ ہو سکا ۔ جس پر گھر والوں کو شک گزرا ۔ کہ خدا نخواستہ وہ سفر کےدوران برف میں لاپتہ ہو گئے ہیں ۔ گذشتہ روز لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات کیلئے مقامی لوگوں پر مشتمل ریسکیو ٹیم پانچ فٹ برف میں انتہائی مشکل سے شندور عبور کرکے غذر چیک پوسٹ پہنچا ۔ تو معلوم ہوا ۔کہ لاپتہ ہونے والے پانچ افراد راستے سے واپس آکر غذر کی طرف جا چکے ہیں ۔ اور وہ خیریت سے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق غذر پولیس نے ناسازگار موسم کی وجہ سے ریسکیو ٹیم کو بھی شندور کے راستے واپس چترال کی طرف سفرکرنے سے منع کرتے ہوئے روک رکھا ہے۔ مستوج پولیس کے مطابق لاپتہ ہونے والے پانچ افراد کو غذر پولیس چیک پوسٹ پر روک رکھا تھا ۔ اور شندور کے راستے سفر کی اجازت نہیں دی تھی ۔ تاہم مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث ان کے گھر والوں کو بروقت اطلاع نہیں دی جا سکی ۔ جس پر ان کے گھروں میں انتہائی پریشانی پھیل گئی۔ اور خد شہ ظاہر کیا گیا کہ وہ شندورکی برفانی ہواؤں کی زد میں آ کر لاپتہ ہو گئے ہیں ۔ اس قیاس آرائی سے پورے گاؤں میں ماتم کا سماں رہا ۔ تاہم اب ان کے زندہ ہونے کے بارے میں اطلاع کے بعد خاندان کے افراد نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔