انتقال پُرملال:چترال موسیقی کے معروف استاد تعلیم خان انتقال کر گئے

چترال (محکم الدین ) چترال کے معروف شہنائی نواز تعلیم خان 78 سال کی عمر میں وفات پا گئے ۔ ان کی نماز جنازہ بروز پیر ان کے آبائی گاؤں کجو میں ادا کی گئی ۔ جنازے میں بڑی تعداد میں ان کے پرستاروں , چترالی ثقافت سے دلچسپی رکھنے والوں اور علاقے کے لوگوں نےشرکت کی ۔ تعلیم خان چترال اور گلگت بلتستان میں شہنائی اور بانسری میں کمال مہارت کی وجہ سے استاد مانے جاتے تھے ۔ خاص کرکھوار زبان کے بعض مخصوص سازوں کو شہنائی اور بانسری میں بجانے کا انہیں ملکہ حاصل تھا ۔ چترالی ثقافت کے دلدادہ افراد نے تعلیم خان کی وفات پر انتہائی صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ اور اسے کھوار موسیقی اور ثقافت کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے ۔ مرحوم نے چترال ,گلگت بلتستان اور ملک کے مختلف مقامات میں سرکاری سرپرستی میں اپنے فن کا جادو جگایا ۔ اور خوب داد وصول کی ۔ اسی فن کی بدولت انہوں نے چترال کے تین سرکاری اداروں میں یکے بعد دیگرے خدمات انجام دی ۔اس لئے عام پرستاروں کے علاوہ اعلی سرکاری حکام بھی ان کے فن کی وجہ سے ان کی قدر کرتے تھے ۔ مرحوم خوش طبع اور محافل پسند شخصیت کے مالک تھے ۔ وہ گذشتہ روز مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔