چترال بازار کے دکانداروں کی جانب سے ون وے کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد۔

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)ہفتہ 9مارچ کو شاہی بازار ،نیوبازار ،کڑوپ رشت بازار اور اتالیق بازار چترال کے دکانداروں کی جانب سے ون وے کے خاتمے کے حوالے سے ایک اجلاس زیر صدارت حبیب حسین مغل سابق صدر تجار یونین چترال منعقد ہوا۔جس میں بڑی تعداد میں دوکاندروں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ سابقہ ڈی پی او اور ڈی سی چترال نے چترال کے دکانداران سے رائے لئے بغیر یکطرفہ ٹریفک روڈ بنایا جس کے وجہ سے مذکورہ بازار کے دوکانداروں کو کاروباری خسارے کا سامنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اگر عبوری صدر نے کسی میٹنگ میں حصہ لیکر ون وے کے لئے کوئی دستخط کیا ہے تو وہ کسی طورپربھی صحیح فیصلہ نہیں کیونکہ عبوری صدر صرف الیکشن کرانے کا مجاز ہوتا ہے اُسے بازار کے دوسرے کاموں سے کوئی سروکار نہیں ہوتا۔ حبیب حسین مغل نے کہا کہ چترال بازار کے اکثردکانداران 20سے 25 ہزار ماہوار کرایہ پردوکان لیتے ہیں اور ایڈوانس کے لئے مزید2سے3لاکھ روپیہ ادا کرتے ہیں۔مذکورہ دوکانداران ون وے کے وجہ سے مکمل طورپر مفلوج ہوچکے ہیں اور کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے دوکان کا کرایہ ادا کرنے سے بھی قاصر ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس ون وے سے صرف وکلاء،سرکار ی ملازمین اور عام ڈرائیور مستفید ہوتے ہیں۔جوکہ صبح اپنی گاڑیاں دوکانوں کے سامنے پارک کرکے چلے جاتے ہیں اور شام کو چھٹی کرکے اپنی گاڑیاں لے جاتے ہیں۔اُنہوں نے موجودہ صدر تجار یونین پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر تجار برادری کے حقوق کے پاسداری کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔وہ تجار برادری کے مفاد میں کام کرنے بجائے تجار برادری کو نقصان پہنچانے پر لگاہوا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دھاندلی سے منتخب ہونے والا صدرتجار یونین گذشتہ ایک سال سے تجار برادری کا ایک بھی مسئلہ حل نہیں کرسکا اور نہ ہی انتظامیہ اُس کی بات سنتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ صدر کو منتخب کرنے والے اُن سے عاجز آگئے ہیں اور بہت جلد اُن کے خلاف عدم اعتماد کے لئے میدان میں آئینگے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ون وے کے خاتمے کیلئے ڈی پی او،ڈی سی اور اے سی چترال کو درخواست دی جائیگی اور اس اُمید کا اظہار کیا گیا کہ مذکورہ بالا افسران ہماری درخواست پر عمل کریں گے۔اور اگر پھر بھی ون وے کو ختم نہیں کیا گیا تو مجبوراً چترال بازار میں دھرنا دینے اوربازار کو بند کرنے کے ساتھ ساتھ صارف عدالت سے بھی رجوع کیا جائیگا۔ اجلاس میں میرحکیم خان،صوبیدار میجر (ریٹائرڈ)احمد ولی ،شیر قادر،بشیر حسین آزاد،،فضل واحد،منظور قادر،ہاشیم ،فیض ،فاروق خان ،اسرار احمد،میرصوات اور دیگر شامل تھے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔