پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپرچترال ضلع کیلئے انتظامی پوسٹ سمیت 12 آسامیاں پُر کرنے کی منظوری دے دی

چترال ( محکم الدین) تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اپر چترال ضلع کیلئے انتظامی پوسٹ سمیت 12 آسامیاں پر کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ جس کے بعد اپر چترال ضلع باقاعدہ طور پر کام شروع کر ے گا ۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے خصوصی احکامات پر اپر چترال کیلئے ریونیو اینڈ سٹیٹ اور صوبائی فنانس ڈیپا رٹمنٹ نےقواعد و ضوابط کے تحت کاروائی کے بعد جن بارہ آسامیوں کی منظوری دی ہے ۔ ان میں ڈپٹی کمشنر , ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ,ڈسٹرکٹ فنانس اینڈ پلاننگ آفیسر , فنانس آفیسر , پرائیویٹ سیکرٹری ,اسسٹنٹ پروگرامر ,سنئیرسٹینو گرافر,ڈسٹرکٹ قانونگو, ڈسٹرکٹ ریونیو اکاونٹنٹ , سب رجسٹرار , گرداور اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ قانونگو کی اسامیاں شامل ہیں ۔ ان اسامیوں علاوہ دیگر پوسٹ ضرورت کے مطابق بتدریج پر کئے جائیں گے ۔ درین اثنا ایم پی اے وزیر زادہ نے میڈیا سے ٹیلیفونک خطاب میں صوبائی حکومت کی طرف سے اسامیوں کی منظوری پر اپر چترال کے عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ اور کہا ہے۔ کہ یہ ان کی پارٹی کیلئےانتہائی خوشی کا مقام ہے ۔ کہ انہوں نے اپر چترال کے عوام سے اپنا کیا ہوا وعدہ پورا کیا ہے ۔ اور اس سے اپر چترال کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے میں مدد ملے گی ۔ وزیر زادہ نے اسامیوں کی منظوری کے سلسلے میں خصوصی دلچسپی سے احکامات صادر کرنے پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا , منسٹری آف ریونیو اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کاشکریہ ادا کیا ۔ کہ ان کے بھر پور تعاون سے یہ کام ممکن ہوا ہے۔ اور تحریک انصاف کی حکومت کا اعلان کردہ اپر چترال ضلع حقیقی معنوں میں شرمندہ تعبیر ہواہے۔ ایم پی اے وزیر زادہ نے یہ خوشخبری بھی سنائی ۔ کہ چترال ایون بمبوریت روڈ اور چترال گرم چشمہ روڈ بھی طویل پراسس کے بعد منظور کئے گئے ہیں ۔ جس کے بعد بہت جلد کام کا آغا ز ہو جائے گا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔