چترال میں پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین کے انتخابات مکمل,سابقہ کابینہ آئیندہ تین سالوں کےلئے دوبارہ منتخب

چترال ( محکم الدین ) چترال میں پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین کے انتخابات مکمل ہو گئے ۔ یونین کے تمام ممبران نے متفقہ طور پر سابق کابینہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آیندہ تین سالوں کیلئے انہیں دوبارہ منتخب کرلیا۔ جمعہ کے روز کامرس کالج ہال میں پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین کے الیکشن کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں آل ایمپلائز کو آرڈنیشن کونسل چترال کے صدر امیر الملک ، آل ٹیچرز ایسو سی ایشن کے صدر مظفر الدین ، پرنسپل کامرس کالج چترال صاحب الدین ، ایس ڈی او سی اینڈ دبلیو عتیق فاروق مہمان تھے ۔ اجلاس میں کابینہ کی سابق کاردگی کا جائزہ پیش کیا گیا ۔ اور نئے الیکشن کیلئے یونین کے تمام ممبران سے رائے طلب کی گئی ۔ جس پر حاضرین نے متفقہ طور پر کابینہ پر اعتماد کا اظہارکرتے دوباہ الیکشن کو مسترد کیا ۔ اور کابینہ کو مزید تین سال کیلئے برقرار رکھا ۔ صدر پی ڈبلیو ڈی لیبر یونین شکیل احمد نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ یہ غریب ملازمین کی ایسی یونین ہے ۔ جو دفتر اور وردی سے محروم ہے ۔ اور اس کے پنشنر کے بچے کو ملازمت دینے کی پالیسی ختم کی گئی ہے ۔ لیکن اس کے باوجود یہ بیچارے بارش اور تپتی دھوپ میں روڈ پر اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے یونین کے تما م ممبران کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ انہوں نے دوسری بار اُن پر اور کابینہ کے دیگر ارکان پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ اور انشاء اللہ وہ پہلے سے زیادہ یونین کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ افسوس کا مقام ہے ۔ کہ سینٹ ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں تنخواہیں بڑھانے کی بات کی جاتی ہے ۔ لیکن پی ڈبلیو ڈی کے غریب مزدور اور محنت کش پر جو کچھ گزرتی ہے ۔ اس کی تنخواہ اور الاؤنس میں اضافے کی بات کوئی نہیں کرتا ۔ انہوں نے اس موقع پر ایک قرار داد کے ذریعے پُر زور مطالبہ کیا ۔ کہ روڈ قلیوں کا سن کوٹہ(SON QUOTA) دوبارہ بحال کیا جائے ۔ دفاتر میں بائیو میٹرک سسٹم کو ختم کیا جائے کیونکہ پی ڈبلیو ڈی کے لیبر زیادہ تر روڈ پر ڈیوٹی دیتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اور روڈ قلیوں کو بھی دیگر ملازمین کی طرح پروموشن دیا جائے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایمپلائز کو آرڈنیشن کونسل کے صدر امیر الملک اور صدر آ ل ٹیچر ز ایسو سی ایشن مظفرالدین نے لیبر یونین کے ممبران کی باہمی اتفاق و اتحاد پر زور دیا اور اپنی طرف سے بھر تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے دیانتداری سے اپنی ذمہ داری انجام دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ پرنسپل کامرس کالج چترال صاحب الدین نے کہا ۔ کہ اللہ کی نظروں میں تقوی اور دیانتداری کو اہمیت حاصل ہے گریڈ کی نہیں ۔ اس لئے پی ڈبلیو ڈی کے محنت کش خود کو کمتر خیال نہ کریں ۔جبکہ ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو عتیق فاروق نے اپنے خطاب میں یونین کیلئے دفتر فراہم کرنے اور اپنی طرف سے مالی تعاون کرنے کا اعلان کیا ۔ اسی نشست میں نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب بھی منعقد ہوئی ۔ جس میں چیر مین شاکر الدین ، وائس چیرمین نظام الدین ، صدر شکیل احمد ، سنیئر نائب صدر اول نور حسین خان ، دوئم عابد ، نائب صدر اول حکیم محمد ، دوئم شیر کریم ، جنرل سیکرٹری سلیم عبا س ، ڈپٹی سیکرٹری عطاء الرحمن ، جوائنٹ سیکرٹری محمد صادق ، فنانس سیکرٹری محمد یوسف ، انفارمیشن سیکریٹریز محی الدین ، صادق اور ثمر آیاز سے کو آرڈنیشن کونسل کے صدر امیر الملک نے حلف لیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔