چترال یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے طالبات کے جینزوغیرہ پہننے پرپابندی لگانے کے فیصلے پراسلامی جمعیت طلبا چترال کا خیر مقد م

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)چترال یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے اسلامی اقداراور چترالی روایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے طالبات کے جینز وغیرہ  پہننےپر پابندی لگانے کے فیصلے پر اسلامی جمعیت طلبا چترال نے یونیورسٹی انتظامیہ، بالخصوص پی ڈی ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری اور چیف پراکٹر  کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں پڑھنے والی طالبات ہماری قابل احترام وصد تکریم بہنیں ہیں۔ہم اپنی بہنوں سے توقع رکھتی ہیں کہ اسلامی اقدار کی پاسداری میں لگائی گئی پابندی کے سلسلے میں وہ بخوشی یونیورسٹی انتظامیہ سے تعاون کریں گی۔ایک اخباری بیان میں ناظم اسلامی جمعیت طلبا چترال اقبال الدین نے کہا کہ ہماری بدقسمتی یہ بن گئی ہے کہ مغربی اقوام کی فرض شناسی، تحقیق و جستجو،انصاف پسندی، شفافیت،اعتدال پسندی، معاملہ فہمی،مقصد سے عشق اور احترام ِقانون جیسی مثبت عادتوں کو اپنانے سے گریزاں رہتے ہیں، جبکہ ان کی جملہ خراب ،غیر شائستہ،غیر مہذب اور اخلاق سے گری روایتوں کو دانتوں سے پکڑنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔ چترال یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ہماری روایات سے منافی وضع قطع پر پابندی لگا کر یونیورسٹی کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی جگہ ثابت کرنے کی طرف پیش قدمی فرمائی ہے۔ اس اقدام پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ اُنہوں نےاُمید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چترال یونیورسٹی ان شاء اللہ تعلیم کے ساتھ تربیت کے میدان میں بھی چترالی قوم کی بہترین خدمات سرانجام دیتی رہے گی

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔