fbpx
تازہ ترین

حکومت دانستہ طور پر حالات کو خراب کر رہی ہے,تبدیلی کے دعویداروں سے لوگوں کا اعتماد اُٹھ چکا ہے۔پی پی پی رہنماوں کی پریس کانفرنس

چترال ( محکم الدین ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما انجنیئر فضل ربی نے کہا ہے ۔ کہ موجودہ حکومت دانستہ طور پر حالات کو خراب کر رہا ہے ۔ اور ملک میں انارکی کو ہوا دینے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔ جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ چترال پریس کلب میں جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ،کہ پاکستان کے اداروں کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔انڈیا کی طرف سے حملے کے بعد اپوزیشن نے حکومت کو سپورٹ کرکے جس شاندار اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کیا تھا ۔ اُسے ایک مرتبہ پھر حکومت کی طرف سے انستہ طور پر سبوتاژ کرنے کی سازش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کا کیس اسلام آباد منتقل کرنے سے اس خدشے کو تقویت ملتی ہے ۔ کہ ان کے خلاف اس سازش کو پھر سے دہرانے کا عمل جاری ہے ۔ جو اس سے پہلے پارٹی کے بانی وزیر اعظم کے خلاف کیاگیا تھا۔ اور وہ واضح نا انصافی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے ۔ فضل ربی نے گذشتہ روز اپنے قائد بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ یکجہتی کیلئے آنے والے پیپلز پارٹی کے کارکنان کو حکومتی ایما پر زدو کوب کرنے اور اُنہیں گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ۔ اور حکومت سے فو ری طور پر انہیں رہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔ اور اس کے قائدین و کارکنان کو اس طرح اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرایا جا سکتا ۔ آج بھی پارٹی کے جیالے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ نہایت ہی افسوس کا مقام ہے ۔ کہ ملکی سطح پر بھارت کے ساتھ جنگی ماحول پیدا ہونے کی وجہ سے اپوزیشن نے تمام ایشوز پس پشت ڈال کر حکومت کا ساتھ دیا تھا ۔لیکن حالات معمولی بہتر ہوتے ہی ایک طرف حکومت کے وزرا فقروں کے نشتر چلارہے ہیں ۔ تو دوسری طرف اپوزیشن کے خلاف اداروں کو استعمال کرکے حالات دانستہ طور پر بگاڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں پی پی پی کی ایک لمبی تاریخ ہے اور اس نے چترال کی ترقی میں نا قابل فروموش کردار ادا کیا ۔ اس لئے چترال میں پی پی پی کے کارکناں میں اپنے قائدین کے حوالے سے انتہائی تشویش پائی جاتی ہے.انہوں نے کہا ۔ کہ موجودہ حکومت معاشی اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بُری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ جس کی وجہ سے تبدیلی کے دعویداروں سے لوگوں کا اعتماد اُٹھ چکا ہے ۔ پریس کانفرنس سے نائب صدر شریف حسین نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ اس موقع پر امیر اللہ ، قاضی فیصل ، عالمزیب ایڈوکیٹ ، سابق تحصیل ناظم شمس الرحمن ، حمید جلال کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ خبریں/ مضامین

error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔
إغلاق