چترال میں ایندھن کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اعلان کردہ ایل پی جی ائیر مکس پلانٹ کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا

چترال ( محکم الدین ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے چترال میں ایندھن کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اعلان کردہ ایل پی جی ائیر مکس پلانٹ کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے چترال کے مقام سینگور میں پلانٹ کیلئے تقریبا اکتالیس کنال زمین 19مالکان جائداد سے خرید کر معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے ۔ جس کے بعد پلانٹ کی تعمیر کا باقاعدہ کام شروع کیا جائے گا ۔ ائیر مکس ایل پی جی پلانٹ کا اعلان سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دورہ چترال کے موقع پر کیا تھا ۔ لیکن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی طرف سے ضلعی انتظامیہ پر دباؤ کی وجہ سے زمین کی خریداری کا معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار رہا ۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے واضح احکامات کو بھی پس پشت ڈال دیا گیا ۔ جس پر ایل پی جی حکام نے سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کر دیا ۔ سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کو زمین کی خریداری کے احکامات دیے ۔ اسی حکم کے تحت سینگور میں زمین خرید کر معاوضے کی آدائیگی کر دی گئی ہے ۔ جس پرعنقریب کام شروع کیا جائے گا۔اس پلانٹ سے چترال شہر کے مقامات،دنین،جغور ،بکر آباد ، بکامک،خورکشاندہ ،اوچشٹ، فیض آباد ،آڑیان ، مستجپاندہ ، ڈنگریکاندہ ، مغلاندہ ، جنگ بازار ، موڑدہ ، گولدور ، ریحانکوٹ ،چیو ڈوک ، زرگراندہ ، بازار،نغور،بلچ،سینگور،دولومچ ،سین شالی تک کے لوگ پائپ لائن کے ذریعے گیس کی سہولت حاصل کر سکیں گے  درین اثنا پاکستان مسلم لیگ ن چترال کے رہنما نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسے چترال کیلئے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی طرف سے ایک بہت بڑا تحفہ قرار دیا ہے ۔اور کہا ہے۔کہ اس سے چترال میں ایندھن کی ضروریات پوری کرنے کیلئے جنگلات کی کٹائی میں کمی آئے گی ۔ اور لوگ سلنڈر گیس کی نقل وحمل کی زحمت سے بچ جائیں گے۔انہوں نے اس حوالے سے سابق ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین کی کوششوں کی تعریف کی ۔ اور چترال کے لوگوں کو اس منصوبے کی تعمیر پر مبارکباد دی ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔