چار روزہ جشن قاقلشٹ موسم بہار کی رنگینیوں میں چارچاند لگانے کے بعد اختتام پذیر

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) جشن قاقلشٹ چار روز جاری رہنے اور موسم بہار کی رنگینیوں میں چارچاند لگانے کے بعداتوار کے روز اختتام پذیر ہوگیا جس میں لوک کھیلوں اور ثقافتی شو کے علاوہ پولو ، فٹ بال اور کرکٹ کے مقابلے ہوئے مستوج کے تینوں وادیوں موڑکھو، تورکھو اور مستوج سے ہزار وں تماشائیوں نے کاغلشٹ کی وسیع وعریض بیابان میں چار دن تک ایک شہر بسائے رکھا۔ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود فیسٹو ل کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے جس نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اورحاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جشن قاقلشٹ صدیوں پرانی ایک تہوار ہے جو موسم بہار کی رعنائیوں میں اس علاقے کے لوگوں کی تفریح کا ایک ذریعہ ثابت ہوا ہے اور ریاست چترال کے زمانے میں ہر ایک حکمران نے اس جشن کی سرپرستی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاقلشٹ فیسٹول سے سیاحت کی ترقی میں بڑی مدد مل رہی ہے۔ جشن قاقلشٹ میں پولو کا ٹائٹل ہیڈ کواٹر بونی نے کوشٹ کو ہراکر جیت لیا جبکہ فٹ بال میں تورکھو نے موردیر کو، رسہ کشی میں نوجوانان چترال نے گولدور ٹیم کو،ولی بال میں بونی نے سب ڈویژن مستوج کو، کرکٹ میں ضلع اپر دیر نے بونی بادشاہ کو ہرادیا۔ ڈی پی او چترال فرقان بلال نے بھی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ پیر اگلائیڈرز نے بھی اس موقع پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ جشن قا قلشٹ کمیٹی کے چیر مین شہزادہ سکندر الملک، سرپرست اعلیٰ پرنس سلطان الملک، وائس چیرمین مختار احمد لال، جنرل سیکرٹری مستنصر الدین اور انفارمیشن سیکرٹری پرویز لال اور عبداللہ جان فریادی نے ضلعے بھر سے آئے ہوئے تماشائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بھاری تعداد میں شرکت کرکے اس جشن کی رونق میں اضافہ کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔